5دسمبر کو عوام حق پرست نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر ایم کیوایم مخالفین کا جنازہ نکال دیں گے
اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال اور رنچھوڑ لائن میں منعقدہ انتخابی جلسوں سے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا، ارکان عبد القادر خانزادہ،
زاہد منصوری ، کنور نوید جمیل ، ڈاکٹر فاروق ستار اور وسیم اختر و دیگر کا خطاب
کراچی ۔۔۔28نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اور مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ 5دسمبر کراچی کے شہریوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خاتمے کا دن ہے اور اس دن عوام بلدیاتی انتخابات میں حق پرست نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کروائیں گے اور ایم کیوایم مخالفین کا جنازہ نکال دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا ، رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد القادر خانزادہ ، زاہد منصوری ، کنورنوید جمیل ، قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار اور سینٹر ل ایگزیکٹو کونسل کے رکن وسیم اختر نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ہفتہ کی شب اورنگی ٹاؤن ، گلشن اقبال اور رنچھوڑ لائن میں منعقدہ بڑے انتخابی جلسوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سلسلے کے انتخابی جلسے کورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں بھی منعقد ہوئے جن میں مجموعی طور پر لاکھوں نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے شرکت کی ۔ انتخابی جلسوں سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی پر مشتمل نام نہاد دو جماعتی اتحاد کراچی کے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے پھر نکل پڑا ہے ، یہ جماعتیں پشاور میں حریف ہیں اور ایم کیوایم اور کراچی کے عوام کی دشمنی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر حلیف بن چکی ہیں جن کا چہرہ اب دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جماعتیں جو اپنی گھروں کی سیٹیں نہیں جیت سکیں وہ موقع پرست آج کراچی پر قبضہ کرنے آئی ہیں جنہیں کراچی کے باشعور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قائدتحریک جناب الطاف حسین کی جدوجہد ملک بھر کے 98فیصد مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کیلئے ہے اور اس جدوجہد کی راہ میں حائل ہونیو الی رکاوٹوں اور سازشوں کا ایم کیوایم برسوں سے سامنا کرتی آئی ہے لیکن ایم کیوایم کے کارکنوں کی شہادتوں ، ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کئے جانے کے باوجود ایم کیوایم کی عوامی مقبولیت میں ذرا برابر کمی نہیں کی جاسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 2015ء کیلئے ایم کیوایم کی جاری زبردست انتخابی مہم نے مخالفین کے ہوش اڑا دیئے ہیں 2013ء کا بلدیاتی نظام وڈیروں اور جاگیرداروں کی ایماء پر سندھ اسمبلی سے منظور کیا گیا جس میں جاگیردارانہ اوروڈیرانہ نظام کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات کے تحت دنیا بھر میں منتخب افراد کو جو اختیارات حاصل ہوتے ہیں انہیں اس سے محروم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی سے 2013ء کا نام نہاد بلدیاتی نظام منظور کرایا ہے اورکراچی اور اس کے عوام کے منتخب نمائندوں کو اختیارات اور وسائل سے محروم کردیا ہے یہ عمل دراصل کراچی کے عوام کو اختیارات اور وسائل سے محروم کردینے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو جماعتیں منتخب نمائندوں کو اختیارات اور وسائل سے محروم کرنے کیلئے منتخب ایوان میں قانون سازی کرنے سے نہیں چوکتی وہ عوامی مسائل اور مشکلات کا حل کس طرح سے کرسکتی ہے ۔ مقررین نے انتخابی جلسوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 5دسمبر کے بلدیاتی انتخابات میں حق پرست نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب بنائیں اور اپنے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کریں ۔