کورنگی میں سیکٹر آفس پر چھاپہ اور گرفتاریاں ایم کیوایم کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ رابطہ کمیٹی
گرفتارشدگان میں سیکٹر انچارج وسیم شمع، فنانس سیکریٹری اصغریعقوب ،سیکٹرکمیٹی کے ارکان اورکارکنان شامل ہیں
ایم کیوایم کوانتخابی مہم چلانے سے بزورطاقت روکا جارہا ہے،ا میدواروں کوگرفتارکیاجارہا۔ رابطہ کمیٹی
پورے شہرمیں لگے ہوئے ایم کیوایم کے پینافلیکس سرکاری اہلکاروں سے اتروائے جارہے ہیں
بڑے پیمانے پر چھاپوں اورگرفتاریوں کے ذریعے ایم کیوایم کی انتخابی مہم کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں
حیدرآباداورمیرپورخاص میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی سے بوکھلاکر ایم کیوایم کوکراچی میں بلدیاتی انتخابات سے باہرکرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے
ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ پرشب خون مارکرکراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کومسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے
ایم کیوایم کے دفاترپر چھاپوں اور کارکنوں، ذمہ داروں اورایم کیوایم کے امیدواروں کی گرفتاریوں کانوٹس لیاجائے
چیف الیکشن کمشنر، چیف جسٹس سپریم کورٹ، وزیراعظم نوازشریف اورچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔ 25 نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کورنگی میں ایم کیوایم کے سیکٹرآفس پر پولیس اوررینجرزکے چھاپے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوراس کارروائی کوایم کیوایم کوالیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کی کوششوں اورایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی سازش کاحصہ قراردیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آج شام کورنگی سیکٹرآفس پرسیکٹرکے ذمہ داران وکارکنان انتخابی مہم کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ رینجرز کی بھاری نفری نے سیکٹرآفس اوراطراف کے علاقے کا محاصرہ کیااورسیکٹرآفس میں گھس کروہاں موجود15سے زائدذمہ داران و کارکنان کوحراست میں لے لیاجن میں سیکٹر انچارج وسیم شمع،فنانس سیکریٹری اصغریعقوب ،سیکٹرکمیٹی کے ارکان اورکارکنان شامل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس سے قبل ملیر، پی آئی بی، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں میں بھی ایم کیوایم کے دفاترپرچھاپے مارے جاچکے ہیں اورایم کیوایم کے ذمہ داروں ،کارکنوں حتیٰ کہ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کو بھی گرفتارکیاگیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں حتیٰ کہ کالعدم تنظیموں تک کوانتخابی مہم چلانے کی آزادی حاصل ہے لیکن ایم کیوایم کوانتخابی مہم چلانے سے بزورطاقت روکا جارہا ہے ،ایک طرف توپورے شہرمیں لگے ہوئے ایم کیوایم کے پینافلیکس سرکاری اہلکاروں سے اتروائے جارہے ہیں اوردوسری جانب بڑے پیمانے پر چھاپوں اورگرفتاریوں کے ذریعے ایم کیوایم کی انتخابی مہم کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اوراسے آزادانہ کام کرنے نہیں دیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے یہ ساری صورتحال اس امرکامنہ بولتاثبوت ہے کہ حیدرآباداورمیرپورخاص میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی سے بوکھلاکر اب ریاستی طاقت کے ذریعے ایم کیوایم کوکراچی میں بلدیاتی انتخابات سے باہرکرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے تاکہ ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ پرشب خون مارکرکراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کومسلط کیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے عوام اس ساری صورتحال اور اس کے مقاصدکواچھی طرح سمجھتے ہیں اوروہ ماضی کی طرح ایک بارپھران سازشوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر، چیف جسٹس سپریم کورٹ، وزیراعظم نوازشریف اورچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے دفاترپر چھاپوں اور کارکنوں، ذمہ داروں اورایم کیوایم کے امیدواروں کی گرفتاریوں کانوٹس لیاجائے ، گرفتارشدگان کورہاکیا جائے اورچھاپوں گرفتاریوں کاسلسلہ بندکیاجائے اور ایم کیوایم کو آزانہ طورپرانتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے ۔
English Viewers