کوہاٹ میں نیونیوز کے رپورٹر حفیظ الرحمن کے بہیمانہ قتل پر ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کا اظہار مذمت
صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران حفیظ الرحمن کو مسلح دہشت گردو ں کی جانب سے فائرنگ کرکے ہلاک کرنا امن پسند
شہریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، شعبہ اطلاعات ایم کیوایم
حفیظ الرحمن کے سفاکانہ قتل کا نوٹس لیکر ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے ، شعبہ اطلاعات ایم کیوایم
حفیظ الرحمن مرحوم کے تمام سوگواران ، نیو نیوز کے عہدیداران اور عملے سے شعبہ اطلاعات کا دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔22، نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات نے مسلح دہشت گردو ں کی فائرنگ سے کوہاٹ میں نیو نیوز کے رپورٹر حفیظ الرحمن کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بہیمانہ قتل کی اس واردات کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پیشہ وارانہ صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران حفیظ الرحمن کو مسلح دہشت گردو ں کی جانب سے فائرنگ کرکے ہلاک کرنا نہ صرف افسوناک بلکہ امن پسند شہری کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔شعبہ اطلاعات نے حفیظ الرحمن کے سوگوار لواحقین اور نیو نیوز چینلز کے عہدیداران اور عملے سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ شعبہ اطلاعات نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ کوہاٹ میں نیو نیوز کے رپورٹر حفیظ الرحمن کے سفاکانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔