جب تک پاکستان میں مزید صوبوں کا قیام عمل میں نہیں آئے گا گڈ گورننس قائم نہیں ہوسکتی۔ الطاف حسین
چیف آف آرمی اسٹاف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ملک میں گڈ گورننس کی بات کررہے ہیں
سندھی بھائی کاروکاری کی ظالمانہ رسم کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خلاف جنگ کرنی ہوگی
سندھ میںآباد پنجابیوں، پختونوں، بلوچوں، سرائیکیوں، کشمیریوں، ہزارے وال اور دیگر قومیتوں کا بھی سندھ پر مساوی حق ہے
میرپورخاص کے عوام نے کسی ظلم کے آگے اپنا سر نہیں جھکایا اور ایم کیوایم سے جڑے رہے
مہاجرکالونی گراؤنڈمیرپورخاص میں بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب
لندن۔۔۔15،نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ملک میں گڈ گورننس کی بات کررہے ہیں لیکن جب تک ملک میں آبادی کے تناسب سے مزید صوبوں کاقیام عمل میں نہیں آئے گا پاکستان میں گڈ گوبرننس قائم نہیں ہوسکتی۔پاکستان میں گڈگورننس کاخواب اسی وقت پوراہوگاجب ملک میں مزیدصوبوں کاقیام عمل میں لایاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مہاجرکالونی گراؤنڈ میرپورخاص میں بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام شرکاء کی تعداد کے لحاظ سے میرپورخاص کا سب سے بڑا جلسہ تھا جس میں بزرگوں ، خواتین ، نوجوانوں اور معصوم بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی جس کے باعث پنڈال میں تل دھرنے کیلئے بھی جگہ نہیں تھی۔ شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے پنڈال کے اطراف کھڑے ہوکر جناب الطاف حسین کا خطاب سنا۔ اس موقع پر شرکاء کا جوش وخروش قابل دید تھا۔ جلسہ عام میں شریک خواتین اوربچیوں کی بڑی تعداد نے ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں کی چوڑیاں اور لباس زیب تن کررکھا تھا،جنہوں نے پنڈال میں وقفے وقفے سے فلک شگاف نعرے لگاکر جناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا مظاہرہ کیا۔اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ 2013ء کے عام انتخابات کے موقع پر میرپورخاص کے عوام نے نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرکے حق پرست امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا،یہ عظیم الشان کامیابی میرپورخاص کے ایک ایک بزرگ، ماں ، بہن، بیٹی اوربچے کی کامیابی ہے جس پرمیں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیلی ویژن اور اخبارات میں میرے خطابات اور تقاریر نشرو شائع کرنے پر پابندی ہے لیکن ایم کیوایم ویب ٹی وی کے ذریعہ میرپورخاص میں منعقدہ یہ جلسہ عام آج پاکستان سمیت پوری دنیامیں دیکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ38 سالہ جدوجہد کے دوران ایم کیوایم کو کچلنے اور ختم کرنے کی سازشیں کی جاتی رہیں،کراچی ،حیدرآباد اور سندھ کے دیگرشہری علاقوں کی طرح میرپورخاص کے کارکنان وعوام کو بھی ظلم وستم کا نشانہ بنایاگیالیکن میرپورخاص کے عوام نے بھی کسی ظلم کے آگے اپنا سر نہیں جھکایا اور ایم کیوایم سے جڑے رہے ، ایم کیوایم پھیلتی رہی اوراس کا حق پرستانہ پیغام فروغ پاتا رہاجو اس بات کاثبوت ہے کہ ایم کیوایم کواللہ تعالیٰ کی تائید اور تمام مذاہب ،مسالک اور قومیتوں کے عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے اور سازشی عناصر کو یاد رکھنا چاہیے کہ ریاستی ظلم وستم سے ایم کیوایم کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بعض عناصر یہ پروپیگنڈہ کررہے تھے کہ میرپورخاص کے عوام نے الطاف حسین کا ساتھ چھوڑدیا ہے لیکن میں ببانگ دہل کہتا ہوں کہ سورج مغرب سے تو نکل سکتا ہے لیکن میرپورخاص کے عوام اپنے الطاف بھائی کاساتھ نہیں چھوڑ سکتے،میرپورخاص کے عوام آج بھی اپنے الطاف بھائی سے محبت کرتے ہیں ،اگرکوئی سمجھتا ہے کہ دولت کے بل پر وفاداروں کے شہرمیرپورخاص کے عوام کی محبتوں کو خرید لے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میرپورخاص کے بزرگوں اور نوجوانوں کی ایم کیوایم اورالطاف حسین سے محبت مثالی ہے اور خواتین ایم کیوایم کے جلسوں میں اس طرح شرکت کرتی ہیں جیسے وہ اپنے گھرکی تقریب میں شرکت کرتی ہیں۔