ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی کی شہر کے مختلف علاقوں سے بیگناہ کارکنان اور ہمدردوں کی گرفتاریوں کی مذمت
کارکنان و ہمدردوں کی بلاجواز گرفتاریاں جمہوری اصولوں کے سراسر منافی ہے، رابطہ کمیٹی
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سادہ لباس اہلکاروں اور رینجرز نے محمد اعظم ،محمد جنید اورہمدرد سید حمزہ علی کو حراست میں لیا ہے
وزیر اعظم پاکستان اور شکایتی ازالہ کمیٹی ایم کیوا یم کے بیگناہ کارکنان اورہمدردوں کی گرفتاریوں کا نوٹس لے،مطالبہ
کراچی ۔۔۔7نومبر2015ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے شہر کے مختلف علاقوں سے بیگناہ کارکنان اور ہمدردوں کی گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بلاجواز گرفتاریوں کو جمہوری اصولوں کے سراسر منافی قرار دیاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے کارکنان ، ہمدردوں اور انکے اہل خانہ کو جناب الطاف حسین سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ستمبر2013ء سے اب تک ایم کیوا یم کے سیاسی آفسوں ، کارکنان کے گھروں اور کام کرنے کی جگہوں پر 7000سے زائد چھاپے مارے جاچکے ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے 4000سے زائد کارکنان ، ذمہ داران ، ہمدردوں اور انکے اہل خانہ کو حراست میں لیا گیا ہے لیکن کسی ایک چھاپے کے دوران بھی رینجرز ،پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے کسی ادارے سے مزاحمت نہیں کی گئی ہے جو جناب الطاف حسین اور ایم کیوا یم کے کراچی آپریشن کو تعاون اور امن و امان کے قیام کیلئے سنجیدہ مزاجی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سادہ لباس اہلکاروں نے ایم کیوا یم نارتھ کراچی یونٹ143-Bکے کارکن محمد اعظم اور اورنگی ٹاؤن یونٹ 124کے کارکن محمد جنید کو حراست میں لیاہے جبکہ احسن آباد یونٹ اسکیم 33کے ہمدرد سید حمزہ علی کو رینجرز اہلکاروں نے گھرسے حراست میں لیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور شکایتی ازالہ کمیٹی کے عہدیداران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں ایم کیوا یم کے بیگناہ کارکنان اورہمدردوں کی گرفتاریوں کا نوٹس لیکر اس سلسلے کو فوری رکوائیں تاکہ شہر میں امن و امان کے قیام کی کوششوں کو مثبت سمت میں جاری رکھا جاسکے۔