طالبات کے پرامن احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر جامعہ کی انتظامیہ کاتشدد قابل افسوس اور آزادی صحافت کے خلاف ہے۔ چیئرمین اے پی ایم ایس او سرفراز احمد
تشدد کے باوجود طلبہ کی آواز عوام تک پہنچانے پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہے۔ چیئرمین اے پی ایم ایس او
جب تک جامعہ کراچی میں جناب الطاف حسین کا نظریہ موجود ہے کوئی طالبات کو ان کے حق سے محروم نہیں کرسکتا۔ وائس چیئرپرسن وجیہہ رؤف
کراچی ۔۔۔ 02؍ 11 2015ء
آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین سرفراز احمد صدیقی نے کہا کہ جامعہ میں طالبات کے پرامن احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے تشدد قابل افسوس اور آزادی صحافت کے خلاف ہے ہم تشدد کے باوجود طلبہ کی آواز عوام تک پہنچانے پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں گزشتہ دنو ں اسلامی جمعیت طلبہ کے غنڈوں کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر طالبات کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے خلاف آج جامعہ کراچی کے طلبا و طالبات نے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے طالبات کے کرکٹ میچ اورگزشتہ روز ہونے والے افسوس ناک واقعہ کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی وائس چیئرپرسن وجیہہ رؤف نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے ہمیشہ خواتین پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے اور جب تک جامعہ کراچی میں جناب الطاف حسین کا نظریہ اور اے پی ایم ایس او موجود ہے اس وقت تک نہ کوئی طالبات کو تعلیم حاصل کر نے سے روک سکتا ہے اور نہ ہی دیگر نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں شریک ہونے سے روک سکتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ کرکٹ کھیلنے والی طالبات پر تشدد کرنے والے اسلامی جمعیت طلبہ کے غنڈہ عناصر کے خلاف کاروائی کریں اور پرامن احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر انتظامیہ کے تشدد کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی مرکزی جوائنٹ سیکریٹری زونہ نقوی سمیت طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھیں۔