لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم لیبر ڈویژن کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنرل ورکرز اجلاس
جنرل ورکرز اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان عادل خان اور رضوان بابر نے لیبر ڈویژن کے انچارج ، جوائنٹ انچارجز سمیت 13رکنی کمیٹی کا اعلان کیا اور نومنتخب ذمہ داران کو جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی
محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کا ہو وہی ملک کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے، عادل خان
ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے نومنتخب انچارج اور اراکین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں ، رضوان بابر
کراچی ۔۔۔28، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ لیبر ڈویژن کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنرل ورکرزاجلاس گزشتہ روز لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد ہوا جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عادل خان اور رضوان بابر نے لیبر ڈویژن کے انچارج اسد کاظمی ، جوائنٹ انچارجز انجینئر کاشف اور ارشد انصاری سمیت 13رکنی مرکزی کمیٹی کا اعلان کیا اور نومنتخب ذمہ داران کو قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔ جنرل ورکرز اجلاس میں لیبر ڈویژن کے سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران وکارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان نے کہاکہ ایم کیوایم لیبر ڈویژن تحریک کا ہراول دستہ ہے اور اس سے وابستہ ذمہ داران وکارکنان نے ہر موقع پر تحریک کیلئے بڑھ چرھ کر نہ صرف کام کیا ہے بلکہ قربانیاں بھی دیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں لیبر ڈویژن کے ذمہ داران وکارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قائدتحریک جناب الطا ف حسین کے پیغام حق پرستی کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں ۔انہوں نے کہاکہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کا ہو وہی ملک کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے اگر محنت کش طبقے پر بااثر شخصیات کا ظلم و ستم اور ناانصافیوں کا عمل جاری رہتا ہے تو ایک دن ضرور ظالم لوگ اپنے انجام کو پہنچتے ہیں اور قدرت کے مکافات عمل کا شکار ہوکر ختم ہوجاتے ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن رضوان بابر نے ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج اور نومنتخب اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک میں ذمہ داریاں دینے اور لینے کا عمل جاری رہتا ہے،ایم کیوایم ملک کی واحد تحریک ہے جس نے غریب ومتوسط طبقے کے نوجوانوں کو ملک کے ایوانوں میں بھیجا اور انہیں اپنے حقوق کا احساس دلایا ۔ انہوں نے ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے نومنتخب انچارج اور اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور قائد تحریک جناب الطا ف حسین کے فکرو فلسفہ اور نطریئے کے فروغ کیلئے دلجمعی کے ساتھ کام کریں ۔