ایم کیوایم کے تحت زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے کراچی میں 40 سے زائد مختلف مقامات پر امدادی کیمپ قائم کردیئے گئے
حیدرآباد ، ٹنڈوالہیار، جامشورو،میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ ، سانگھڑاور اندرون سندھ کے دیگر شہروں کے ساتھ ساتھصوبہ پنجاب ، صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان میں بھی امدادی کیمپس قائم
امدادی کیمپوں میں عوام کی جانب سے خشک اجناس، گرم کپڑے اور دیگر امدادی اشیاء جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے
ایم کیوایم ،دکھی انسانیت کی خدمت ، عبادت سمجھ کرکرتی رہی ہے ، الطاف حسین
آپ یہ مت دیکھیں کہ کون آپ کیلئے کیاکررہا ہے بلکہ آپ یہ دیکھیں کہ آپ مصیبت کی گھڑی میں کسی کی کیا مدد کرسکتے ہیں، الطاف حسین
عوام ،خدمت خلق فاؤنڈیشن کے امدادی کیمپوں میں زلزلہ متاثرین کیلئے اپنی بساط کے مطابق امدادی سامان جمع کرائیں ، الطاف حسین
زلزلہ متاثرین کیلئے قائم امدادی کیمپوں میں ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر خطاب
لندن۔۔۔27، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی ہدایت پر زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے آج ملک بھر میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت امدادی کیمپ لگادیئے گئے ہیں جہاں عوام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء جمع کرائی جارہی ہیں۔ ایم کیوایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت کراچیمیں 40 سے زائد مختلف مقامات پر امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں اس کے علاوہ، حیدرآباد ، ٹنڈوالہیار، جامشورو،میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ ، سانگھڑاور اندرون سندھ کے دیگر شہروں کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان میں بھی امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں۔ ان امدادی کیمپوں میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ عوام کیلئے خشک اجناس، گرم کپڑے اور دیگر امدادی اشیاء جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔