گہوارہٗ ادب کے زیر اہتمام کینیڈا کے چار شہروں میں عالمی مشاعروں کا اہتمام
پاکستان ،ہندوستان ، امریکہ ، کینیڈا سے شعرائے کرام کی شرکت، کامیاب ترین مشاعرے
کیلگری، ایڈمنٹن ، ونڈسر اور ٹورونٹو کے باذوق عوام کی بھرپور شرکت نے انہیں یادگار بنا دیا
ٹورونٹو (پریس ریلیز)گہوارہٗ ادب کے زیر اہتمام کینیڈا کے چار شہروں میں عالمی مشاعروں کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان ،ہندوستان ، امریکہ ، کینیڈا سے شعرائے کرام نے شرکت کی ان میں پاکستان سے سینیر ترین گرج دار لہجے کے شاعر منظر ایوبی ، شعلہ بیاں شاعرہ گلنار آفرین، ہندوستان سے وضع دار قلب کو گرما دینے والی شاعری کے خالق منظر بھوپالی کی شرکت نے انہیں شمالی امریکہ کے کامیاب ترین مشاعروں کی فہرست میں لا کھڑا کیا ۔ ان کے علاوہ امریکہ سے طنز و مزاح کا رنگ لئے خالد عرفان ، کینیڈا سے ایوارڈ یافتہ شاعر اشفاق حسین ، اور عالمی مشاعروں کی کامیابی کی ضامن ذکیہ غزل کے علاوہ بہترین شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کرکے ڈھیروں داد وصول کی ۔ کسی بھی ادبی تنظیم کی جانب سے کینیڈا کے چار شہروں میں مشاعروں کے اس سلسلے اپنی مثال آپ ہیں جس کا سہرا گہوارہ ادب اور اس کی تمام ٹیم کو جاتا ہے ، ان مشاعروں کو کیلگری، ایڈمنٹن ، ونڈسر اور ٹورونٹو کے باذوق عوام کی بھرپور شرکت نے بہت یادگار بنا دیا۔ گہوارہ ادب ، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اردو زبان، قومی ثقافت، تہذیب و تمدن کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار انتہائی محنت اور کامیابی سے ادا کر رہا ہے ۔ ایم کیو ایم کینیڈا کے سنٹرل آرگنائزر آصف قاضی اور نگراں انچارج مسعود حسن کی قائدانہ صلاحیتوں اور گہوارہ ادب کینیڈا کی مرکزی کمیٹی کے اراکین، محمد عباس، انیس فاروقی، شکیل شیخ، ثروت نجمی اور امان صدیقی ، اور ایم کیو ایم جی ٹی اے کے کارکنان کی دن رات کی محنت اور کاوشوں کے باعث ان مشاعروں کا انعقاد ممکن ہوا جس کی وجہ سے کینیڈا بھر کے اہل ادب اور شعرو سخن کے پیاسوں کے لئے اردو کی ترویج و فروغ کے ساتھ عمدہ کلام بھی سننے کو ملا ، یقینی طور پران محافل میں شریک حاضرین تمام ہی شہروں میں منعقد کئے جانے والے سلسلے کہ مدتوں یاد رکھیں گے۔