خان لیاقت علی خان وفا اور خلوص کا پیکر تھے اور پاکستان اور اس کے عوام کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے تھے، الطاف حسین
شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 64ویں برسی کے موقع پر جناب الطاف حسین کا خصوصی بیان
لندن۔۔۔16، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے شہید ملت خان لیاقت علی خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ خان لیاقت علی خان کی شہادت پاکستان کی تاریخ کا المناک سانحہ ہے ۔ پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 64ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کے قتل کے اصل اسباب پر آج تک پردہ پڑا ہوا ہے اور انتہائی دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کے قتل کے اصل اسباب سے قوم آج بھی محروم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کیلئے خان لیاقت علی خان کی قربانیوں کو کسی قیمت پر فراموش نہیں کیاجاسکتا ، پاکستان اور اس کے عوام کیلئے ان کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ خان لیاقت علی خان وفا اور خلوص کا پیکر تھے اور پاکستان اور اس کے عوام کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے تھے لیکن بد قسمتی سے انہیں راولپنڈی میں بھرے جلسے میں خطاب کے دوران سازش کے تحت گولی مار کر بیدردی سے قتل کردیا گیا ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کے قتل کے اصل اسباب سمیت مہاجروں کے قتل عام کے جتنے بھی سانحات کرائے گئے ہیں ان کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں ۔