ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے الیکشن آفس میں بم دھماکہ پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے الیکشن آفس میں بم دھماکہ کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ ہے، رابطہ کمیٹی
دہشت گرد بلدیاتی انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش کررہے ہیں، رابطہ کمیٹی
دہشت گردی کے ذریعے بلدیاتی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کو فی الفور مثبت اور عملی اقدامات کے ذریعے ناکام بنایاجائے، رابطہ کمیٹی
دھماکہ میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر سوگوار لواحقین سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور
کارکنوں سے رابطہ کمیٹی کادلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
کراچی۔۔۔14، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے الیکشن آفس میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشت گرد سرگرم ہیں، اس سے قبل بھی دہشت گرد پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ سمیت متعدد افراد کو خود کش بم دھماکہ میں نشانہ بنا چکے ہیں اور اب رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے الیکشن آفس میں بم دھماکہ کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کیلئے منعقد کی میٹنگ میں بم دھماکہ کرنا اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ دہشت گرد بلدیاتی انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش کررہے ہیں اور جمہوری کی نرسری بلدیاتی نظام کی راہ میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے رکاوٹ ڈال رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان میں سردار امجد فاروق کھوسہ کے الیکشن آفس میں بم دھماکہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور دہشت گردی کے ذریعے بلدیاتی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کو فی الفور مثبت اور عملی اقدامات کے ذریعے ناکام بنایاجائے۔