دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم فیڈرل بی ایریا سیکٹر کے کارکن ارشد حسین کے بہیمانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
ایم کیوایم کے کارکن ارشد حسین سمیت دہشت گردوں کی فائرنگ سے 440کارکنان کے بہیمانہ قتل ، 55کارکنان کے ماورائے عدالت قتل اور 225کارکنان کو لاپتہ کئے جانے کا نوٹس لیاجائے ، رابطہ کمیٹی کی چیف جسٹس پاکستان سپریم کورٹ سے اپیل
کراچی ۔۔۔13، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم فیڈرل بی ایریا سیکٹر یونٹ 148کے کارکن ارشد حسین ولد لئیق حسین کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ارشد حسین شہید کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ارشد حسین سوک سینٹر میں واقع اپنے آفس سے گھر جانے کیلئے نکلے تھے کہ پرانی سبزی منڈی کے مقام پر دہشت گردوں نے انہیں فائرنگ کرکے بیدردی سے شہید کردیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پرانی سبزی منڈی پر بیشتر مرتبہ ایم کیوایم کے کارکنان سمیت دیگر افراد کے قتل کے واقعات ہوچکے ہیں لیکن ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو کوئی پوچھنے والا کوئی نہیں ہے اور وہ قانون کی گرفت سے نہ صرف آزاد ہیں بلکہ معصوم و بے گناہ لوگوں کو کھلی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ 2013ء میں شروع ہونے والے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں صرف اور صرف ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے اور اس کا واضح ثبوت ہے کہ جب سے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن شروع ہوا ہے شہر میں دہشت گردوں نے فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کرکے ایم کیوایم کے 440کارکنان کو سفاکانہ طریقے سے قتل کردیا ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی حراست میں ایم کیوایم کے 55کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے جبکہ 225کارکنان اب بھی گرفتاریوں کے بعد سے لاپتا ہیں اوران کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں اور سینکڑوں بے گناہ کارکنان نہ صرف جیلوں میں قید ہیں بلکہ اب بھی روزانہ کی بنیاد پر ایم کیوایم کے کارکنان کوہی گرفتار کیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں اور چن چن کر ایم کیوایم کے کارکنان کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ایم کیوایم اور اس کے پرامن کارکنان کو ہی دہشت گرد اور جرائم پیشہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں اور آئین و قانون کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب انور ظہیر جمالی سے اپیل کی کہ ایم کیوایم کے کارکن ارشد حسین سمیت دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے 440کارکنان کے بہیمانہ قتل ، 55کارکنان کے ماورائے عدالت قتل اور 225کارکنان کو لاپتہ کئے جانے کا نوٹس لیاجائے اور ایم کیوایم کے سیاسی ، جمہوری اور انسانی حقو ق کی پامالیوں کو رکوایاجائے ۔