رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
چھاپے و گرفتاریوں کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گرفتار کارکنان کوآئین وقانون کے مطابق 24گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش نہیں کیاجارہا ہے اور ان کے سیاسی ، جمہوری اور آئینی حقوق بری طرح پامال کئے جارہے ہیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
ایم کیوایم کے کارکنان کی غیرقانونی اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے ، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے رابطہ کمیٹی کی اپیل
کراچی ۔۔۔11، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ چھاپے و گرفتاریوں کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان کو نہ تو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سادہ لباس اہلکاروں نے نارتھ ناظم آباد میں چھاپہ مار کاروائی کرکے ایم کیوایم نارتھ ناظم آباد سیکٹر یونٹ 143-Bکی یونٹ کمیٹی کے رکن شیخ نعمان اور کارکنان راحیل اور یونٹ 174کے کارکن تفصل حسین کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اسی طرح رینجرز اہلکاروں نے بلدیہ ٹاؤن میں ایک چھاپہ مار کاروائی میں ایم کیوایم بلدیہ ٹاؤن سیکٹر یونٹ 112-Bکے کارکن محمد کاشف کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے ، کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر خاتمے کے بجائے شہر کا سب سے زیادہ مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ایم کیوایم کے بے گناہ اور پرامن کارکنان کو بلاجواز گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور امن و امان قائم کرنے کے جھوٹے دعوے کئے جارہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر بلاجواز چھاپے مار کاروائیاں کی جارہی ہیں اورر وزانہ کی بنیاد پر کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گرفتار کارکنان کوآئین وقانون کے مطابق 24گھنٹے کے اندر کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیاجارہا ہے اور ان کے سیاسی ، جمہوری اور آئینی حقوق بری طرح پامال کئے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کی غیرقانونی اور بلاجواز گرفتاریوں کانوٹس لیاجائے ، چھاپے و گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے ، گرفتار کارکنان کو فی الفور رہاکیاجائے اور رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کو اختیارات سے تجاوز کرکے غیر قانونی اور غیر آئینی عمل سے روکا جائے ۔
English Viewers