کمال ملک کی رہائی پر تمام ذمہ داران اور کارکنان کو قائد تحریک الطاف حسین کی مبارکباد
کمال ملک کی گرفتاری کے بعد نائن زیرو اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان رات بھر جاگتے رہے، الطاف حسین
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کمال ملک کو رہائی نصیب ہوئی جس پر ایک ایک ساتھی زبردست مبارکباد اور خراج تحسین کا مستحق ہے، الطاف حسین
نائن زیروپر کمال ملک ، ان کے اہل خانہ اورتما م شعبہ جات کے ذمہ داران سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔8، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کی رہائی پر ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران ، کارکنان اور کمال ملک کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔وہ رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کی رینجرز کی حراست سے رہائی کے بعد نائن زیروعزیزآباد پر کمال ملک، ان کی اہلیہ اور بچوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کمال ملک کی گرفتاری کے بعد نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان ، شعبہ خواتین ، ایلڈرزونگ اور دیگر شعبہ جات کے ارکان کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن کے ارکان بھی رات بھر جاگتے رہے اور پل پل کی خبرلیتے رہے ۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کمال ملک کو رہائی نصیب ہوئی جس پر ایک ایک ساتھی زبردست مبارکباد اور خراج تحسین کا مستحق ہے ۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے کمال ملک کی اہلیہ اور بچوں کو خصوصی مبارکباد پیش کی ۔