ایم کیوایم کے بیگناہ کارکنان کو گرفتار کر کے ہماری پر امن سیاسی جدوجہدپر پابندی عائد کی جارہی ہے، ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی
کراچی ٹارگٹڈ آپریشن میں اصل دہشت گردوں ،مذہبی انتہاء پسندوں اور ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھٹی دی گئی ہے
گزشتہ رات رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں سے مزید 9بیگناہ کارکنان کو گرفتا ر کیا ہے ،رابطہ کمیٹی
ان تمام افراد کے متعلق تاحال نہ توکسی کو اطلاع دی گئی ہے نہ ہی انہیں کسی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے،رابطہ کمیٹی
کارکنان کے اہل خانہ اور پارٹی ذمہ داران کی زندگیوں کوید خطرات لاحق ہو گئے ہیں،رابطہ کمیٹی
وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آر می اسٹاف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بیگناہ کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ فی الفور بند کروائیں اور بیگناہ کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کریں، رابطہ کمیٹی کامطالبہ
کراچی ۔۔۔6اکتوبر2015ء
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں سے بیگناہ کارکنان کی رینجرز ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی جانب سے بلاجواز گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گرفتاریوں کو ریاستی ظلم و ستم کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ستمبر2013ء سے جاری کراچی ٹارگٹڈ آپریشن میں اصل دہشت گردوں ، بھتہ خوروں، اسٹریٹ کرمنلز، مذہبی انتہاء پسندوں اور ٹارگٹ کلرز کوقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے کھلی چھٹی دی گئی ہے جبکہ ایم کیوایم کے بیگناہ کارکنان کو گرفتار کر کے ہماری پر امن سیاسی جدوجہدپر غیر اعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ رات بھی ایم کیو ایم شاہ فیصل کالونی سیکٹر یونٹ109کے کارکن عامر مصطفی، 108سے تعلق رکھنے والے کارکن آصف ،یونٹ105کے کارکن عمران ، سابق حق پرست کونسلر اور یونٹ 105کے کارکن اظفرکو سادہ لباس اہلکاروں جبکہ یونٹ107شاہ فیصل کالونی کے جوائنٹ انچارج ندیم راؤ کو رینجرز اہلکاروں نے انکے گھروں سے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے اسی طرح لائنز ایریا سیکٹر یونٹ197کے کارکن محمد یعقوب، کورنگی یونٹ71کے کارکن محمد عامر خان کو سادہ لباس اہلکاروں نے انکے گھر سے اور ملیر سیکٹر یونٹ97کے کارکن نوید احمد کو رینجرز نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوا یم کے خلاف ریاستی انتقام اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ چھاپے کے وقت ہمارے کارکنان کی گھروں پر موجودگی نہ ہونے پر انکے اہل خانہ کو گرفتار اور خواتین کوہراساں کیا جاتا ہے ،گزشتہ رات یونٹ105شاہ فیصل سیکٹر کے کارکن صارف کی گھر پر عدم موجودگی پر رینجرز اہلکار انکے جوان سال بیٹے کو بلاجواز گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ان تمام افراد کے متعلق تاحال نہ تو انکے اہل خانہ اور نہ پارٹی کے کسی ذمہ دار کو کوئی اطلاع دی گئی ہے نہ ہی انہیں کسی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے جس کے سبب مذکورہ افراد کے اہل خانہ کو ان کی زندگیوں سے متعلق شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف، چیف آف آر می اسٹاف جنرل راحیل شریف،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں تواتر کے ساتھ ایم کیوایم کے بیگناہ کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ فی الفور بند کروائیں اور بیگناہ کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کریں ۔