Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

مستعفی ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لیے جائیں گے ، الطاف حسین


مستعفی ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لیے جائیں گے ، الطاف حسین
 Posted on: 9/28/2015
مستعفی ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لیے جائیں گے ، الطاف حسین
صوبہ کا نعرہ ، عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکا ہے اور صوبے کے قیام تک ایم کیوایم کی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی 
رینجرزنے خدمت خلق فاؤنڈیشن کوحاصل ہونے والی ہزاروں کھالیں چھینیں، متعددکارکنوں کوگرفتارکیا
رینجرز کے بہیمانہ مظالم نے ہلاکوخان اور چنگیز خان کے مظالم کو بھی شرمندہ کردیا ہے
لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں کارکنان کے ہنگامی اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب
لندن۔۔۔27، ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ مستعفی ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لیے جائیں گے ، صوبہ کا نعرہ ، عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکا ہے اور صوبے کے قیام تک ایم کیوایم کی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کی شام لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں کارکنان کے ہنگامی اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ، مستعفی ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان کے علاوہ خواتین اور بزرگوں سمیت کارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کارکنان کا جوش وخروش قابل دید تھا۔ اجلاس کے شرکاء نے فلک شگاف نعرے لگاکرجناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے تمام کارکنان کو عیدالاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی اور حج کے دوران بھگدڑ کے باعث سینکڑوں عازمین حج کے شہیدوزخمی ہونے کے المناک سانحہ پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات ، سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ بانیان پاکستان کی اولادوں پر 1947ء سے پاکستان میں جبروستم کیا جارہا ہے جوکہ بڑھتے بڑھتے یہاں تک پہنچ گیا کہ اب مہاجروں کو نہ عید کی خوشیاں منانے دی جارہی ہیں اورنہ انہیں فلاحی کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے ، 11،جون1978ء سے 2015ء تک 37 سالہ جدوجہد کے دوران ہزاروں ساتھی شہید کردیئے گئے ، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر اسٹیبلشمنٹ کے ذمہ داروں سے ہاتھ ملایالیکن انہوں نے ہرمرتبہ وعدہ خلافی کی ۔ 92ء میں لاپتہ ساتھیوں کے غم کو ایک طرف رکھ کر پھردوستی کا ہاتھ بڑھایا کہ ہماری جائز شکایات دور کی جائیں گی ، مہاجروں کے ساتھ ملازمتوں ، تعلیم میں ناانصافیاں اورکوٹہ سسٹم ختم کیاجائے گا لیکن آج 2015ء میں بھی چھاپوں کے دوران خواتین کی بے حرمتی کرکے اور بزرگوں کو تشددکا نشانہ بناکر کہاجاتا ہے کہ ’’ہم تمہاری نسلیں بدلنے آئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ 2013ء میں آل پارٹیز کانفرنس میں طے کیاگیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آپریشن کیاجائے گا اوریہ آپریشن اشتہاری مجرموں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہوگا کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی کے پہلے اور دوسرے روز رینجرزنے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کی گئی کھالوں سے بھرے ٹرک اور دیگر گاڑیاں چھین لیں، شہرکے مختلف علاقوں میں جمع کی گئی کھالیں اٹھاکر لے گئے اور انہیں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں اورجہادی تنظیموں میں تقسیم کردیا، رینجرز کی جانب سے نہ صرف ایم کیوایم پر لعن طعن کی گئی بلکہ اس کے بے گناہ کارکنوں کوبڑی تعداد میں گرفتارکرلیا۔ ایک جگہ جب رینجرز نے کھالوں سے بھرا ٹرک چھیننے کی کوشش کی تو علاقے کی خواتین ٹرک کے سامنے لیٹ گئیں جس پر رینجرز کے افسران نے ٹرک ڈرائیور سے کہاکہ ان خواتین پر ٹرک چلادو لیکن ڈرائیورنے یہ حکم ماننے سے انکارکیا تو اسے بھی تشددکا نشانہ بناکر گرفتارکرلیاگیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ رینجرز نے جو بھیانک مظالم مہاجروں پر ڈھائے ہیں ایسے مظالم تو ہندوستان کی فوج بھی مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں پر نہیں کرتی۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار رمضان المبارک اور عیدالاضحی کے موقع پر دن رات محنت کرتے ہیں تاکہ شہداء کی بیواؤں اوریتیم بچوں کی کفالت کی جاسکے ، خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت یونیورسٹی، اسپتال ، اسکول،فیلڈ اسپتال، گشتی شفاخانے، بلڈ بنک ، ایمبولینس ومیت بس سروس اور سردخانوں کے ذریعہ غریب عوام کی خدمت کی جاسکے ، زمینی وآسمانی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جاسکے لیکن خدمت خلق فاؤنڈیشن کو زکوٰۃ فطرہ اور قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے سے روک کران فلاحی منصوبوں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔رینجرز کے بہیمانہ مظالم نے ہلاکوخان اور چنگیز خان کے مظالم کو بھی شرمندہ کردیا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم نے اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ، گرفتاریوں کے بعد ان کی گمشدگی، ریاستی ظلم وبربریت اور ناانصافیوں کے خلاف احتجاجاً سینیٹ اور اسمبلیوں کی رکنیت سے استعفے دیئے اور یہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ یہ استعفے کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لئے جائیں گے اور ظلم وناانصافیوں کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کی جائے گی اوراپنی جدوجہدجاری رکھی جائے گی۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ بدقسمتی ہے کہ وردی پہن کر وطن کا دفاع کرنے والے رینجرز اہلکار ،کھالیں چھینتے رہے ، جو چوروں ، ڈاکوؤں ، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والوں اور بھتہ خوروں کو پکڑنے آئے تھے وہ خود چور اور ڈاکو بن گئے ،جنہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی کھالیں چوری کرکے کالعدم جہادی تنظیموں کے سپرد کردیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ انہوں نے غریب بیواؤں ،یتیموں اور مساکین کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے انہیں روز محشر اس ظلم وناانصافی کا جواب دینا ہوگا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ ظلم وناانصافی کی انتہاء ہے کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان مارے جاتے رہیں ، بلاجواز گرفتارکیے جاتے ہیں لیکن یہاں مظلوموں کی داد فریاد سننے والا کوئی نہیں ہے ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ رینجرزہمارے معصوم وبے گناہ کارکنوں کاماورائے عدالت قتل کررہی ہے، جب ہم رینجرزکانام لیتے ہیں توبعض نام نہادتجزیہ نگاراس پر چراغ پاہوتے ہیں ، اگر اعتراض کرنے والے خود اس تکلیف سے گزرے ہوتے توانہیں لوگوں کے دکھ کااحساس ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سندھ کے عوام کوریاستی ظلم وجبرسے نجات دلاناہے چاہے اس کیلئے ہمیں کوئی بھی قربانی کیوں نہ دیناپڑے۔ انہوں نے کارکنان سے کہاکہ وہ پرامن احتجاج کی تیاریاں شروع کردیں۔انہوں نے کہاکہ برصغیرکی آزادی کی تحریک کے دوران جلیانوالہ باغ میں آزادی کے متوالوں کاایک اجتماع ہواتوانگریزفوج کے جنرل ڈائرکے حکم پر آزادی کے متوالوں پر وحشیانہ گولیاں برسائی گئیں اور سینکڑوں بے گناہ نوجوانوں، بزرگوں، عورتوں اوربچوں کاقتل عام کیاگیا ۔ پاکستان میں مہاجروں پر ڈھائے جانے والے رینجرزکے مظالم نے جنرل ڈائر کے مظالم کوبھی پیچھے چھوڑدیاہے۔انہوں نے کہاکہ جس نے بھی زمین پر خدابننے کی کوشش کی توخدانے اسے مکافات عمل سے دوچارکیا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ظلم وستم اورناانصافیوں کے مسلسل عمل کی وجہ سے اب عوام یہ سمجھتے ہیں کہ علیحدہ صوبہ ان کے مسائل کاحل ہے ، صوبہ کا نعرہ عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکا ہے اور صوبے کے قیام تک ایم کیوایم کی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی ۔ اس موقع پر عوام نے ’’ مہاجر کی مجبوری ہے۔۔۔ صوبہ بہت ضروری ہے ‘‘ کے زوردارنعرے لگائے ۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کااختتام اپنے اس مشہورشعرسے کیا،
وفاکروگے۔۔۔وفاکریں گے
جفاکروگے۔۔۔جفاکریں گے
کرم کروگے۔۔۔کرم کریں گے
ستم کروگے۔۔۔ستم کریں گے
ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے 
جو تم کروگے ۔۔۔وہ ہم کریں گے
English


7/19/2024 10:20:37 AM