بلدیاتی نظام اورشہری حکومتیں جمہوریت کی روح اور نرسری ہوتی ہیں ،الطاف حسین
جس ملک میں لوکل گورنمنٹ کا سسٹم نہ ہواس ملک کوجمہوری قرارنہیں دیاجاسکتا
گڈگورننس یابہترطرزحکمرانی کیلئے مقامی حکومتوں کانظام بنیادی امرہے، مقامی حکومتوں کے نظام کے بغیرملک چلانہیں کرتے
اگرملک میں مستقل بنیادوں پر شہری حکومتوں کاوجود نہ ہو توایسے ملک ترقی نہیں کرتے بلکہ تنزلی کی طرف جاتے ہیںسندھ اورپنجاب میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات کاانعقادنہیں ہوسکاہے
پورے ملک میں بلدیاتی نظام اورمقامی حکومتوں کے نظام کورائج کرنے اور اسے کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری وساری رکھاجائے
بلدیاتی انتخابات کاانعقاد بلاتاخیرہواورمقامی حکومتوں کی مقررہ مدت مکمل ہونے پر بلاتاخیر انتخابات ہوتے رہیں
بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کا چناؤ پسند، ناپسند، دوستی ،رشتہ داری کی بنیادپر نہیں بلکہ میرٹ ،قابلیت اوراہلیت کی بنیادپرکیاجائے
ہم نے جب اپنی تحریک کاآغازکیاتواس کے ساتھ ہی ’’ خدمت خلق کمیٹی ‘‘ کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا
ہماری خدمت خلق کمیٹی کادائرہ آج خدمت خلق فاؤنڈیشن کی شکل میں پورے ملک میں پھیلاہواہے
اصل سیاست وہ ہوتی ہے جواپنے مفاد کیلئے نہیں بلکہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کیلئے کی جائے
جو سیاست دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت سے خالی ہو وہ سیاست مفاد پرستی ہے، خودغرضی ہے اورمطلب پرستی ہے
بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر مختلف تنظیمی شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے خطاب
کراچی ۔۔۔ 22 ستمبر 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ بلدیاتی نظام اورشہری حکومتیں جمہوریت کی روح اور نرسری ہوتی ہیں ، جس ملک میں لوکل گورنمنٹ کا سسٹم نہ ہواس ملک کوجمہوری قرارنہیں دیاجاسکتا۔ انہوں نے یہ بات آج بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر مختلف تنظیمی شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہرملک کے نظام حکومت میں ملک کی بہتری، ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے دوطرح کے منصوبے یعنی قلیل المیعاداور طویل المیعاد بنائے جاتے ہیں۔پوری دنیامیں پانی کی فراہمی ،نکاسی آب، سیوریج، سڑکیں،پل،فلائی اوورز اوربرج بنانا،نالوں کی تعمیرومرمت اوراسی طرح کے دیگرمنصوبے کسی بھی ملک کی مرکزی حکومت یا پارلیمنٹ نہیں کرتی بلکہ ہرملک کی مقامی حکومتیں یاشہری حکومتیں یہ کام کرتی ہیں اوراس کے لئے پورابلدیاتی نظام موجودہوتاہے اورہرملک میں شہری سہولتوں کی فراہمی ،ٹرانسپورٹ اور تعمیر وترقی کے لئے شہروں اورمقامی سطح پر یہی شہری حکومتیں اصل کام کرتی ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ گڈگورننس یابہترطرزحکمرانی کے لئے مقامی حکومتوں کانظام بنیادی امرہے ، یہ جمہوری نظام کی نرسری ہے ، مقامی حکومتوں کے نظام کے بغیرملک چلانہیں کرتے،اگرکسی ملک میں مستقل بنیادوں پر بلدیاتی نظام موجود نہ ہو، شہری حکومتوں کاوجودمستقل بنیادوں پرنہ ہو توایسے ملک ترقی نہیں کرتے بلکہ تنزلی کی طرف جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہرملک میں ترقی کیلئے 25سالہ یا50سالہ طویل المیعاد منصوبے بھی بنائے جاتے ہیں جن پر حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود کام جاری رہتاہے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ انگریزوں نے برصغیر پر قبضہ کے بعد پورے خطہ میں ریلوے کانظام متعارف کرایا، ریلوے لائنوں کاجال بچھایا، آج بھی ہندوستان اور پاکستان میں موجود ریلوے کانظام انگریزوں کاتشکیل کردہ ہے، کراچی سے پشاور اوردوردرازعلاقوں میں بھی بچھایاہواریلوے کانظام انگریزوں کے دور میں بنایاگیا اور ریلوے کایہ نظام ایک دن یاایک سال میں نہیں بچھایاگیابلکہ اس میں برسوں کاوقت لگا، بدقسمتی سے قیام پاکستان کے بعد یہاں وجودمیں آنے والی حکومتوں نے اس نظام کی بہتری اوراس کو مزیدپھیلانے کیلئے مؤثرمنصوبہ بندی نہیں کی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سندھ اورپنجاب میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات کاانعقادنہیں ہوسکاہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کوترقی کی راہ پرگامزن کرنے ،پورے ملک کے چپہ چپہ کی ترقی ، عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پورے ملک میں بلدیاتی نظام اورمقامی حکومتوں کے نظام کورائج کرکے اسے کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری وساری رکھاجائے ۔ملک کی ترقی اورعوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے ناگزیر ہے کہ بلدیاتی انتخابات کاانعقاد بلاتاخیرہواورمقامی حکومتوں کی مقررہ مدت مکمل ہونے پر بلاتاخیر انتخابات ہوتے رہیں تاکہ شہری سہولتوں کی فراہمی اورتعمیروترقی کاعمل کسی بھی رکاوٹ یاتعطل کے بغیر جاری رہے۔ جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی اور تمام ذمہ داران سے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کا چناؤ پسند، ناپسند، دوستی ،رشتہ داری کی بنیادپر نہیں بلکہ میرٹ ،قابلیت ،اہلیت اور صلاحیت کی بنیادپرکریں۔ انہوں نے کہاکہ جن امیدواروں کاچناؤ ہوانہیں چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی مفاد اوراناکی تسکین کیلئے کونسلر، ناظم ، نائب ناظم اور میئر ڈپٹی میئربننے کاتصور اپنے ذہنوں میں نہ لائیں،آپ کی اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کا حل ، ان کی پریشانیوں کاعلاج کرنا، انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کرنا اوراپنے علاقوں کوترقی دے کردوسروں کیلئے مثال ہونی چاہیے۔آپ کے علاقوں میں موجود اسکولوں اور اسپتالوں کا معیار مثالی ہو تاکہ لوگ بڑے اسپتالوں اوراسکولوں کارخ کرنا چھوڑدیں۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم نے طلبہ کی سطح پرجب اپنی تحریک کاآغازکیاتواس کے ساتھ ہی ’’ خدمت خلق کمیٹی ‘‘ کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا
کیونکہ ہم اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ اصل سیاست وہ ہوتی ہے جواپنے مفاد کیلئے نہیں بلکہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کیلئے کی جائے ، جو سیاست دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت سے خالی ہو وہ سیاست مفاد پرستی ہے، خودغرضی ہے اورمطلب پرستی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری خدمت خلق کمیٹی کادائرہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی شکل میں پورے ملک میں پھیلاہواہے یہ فلاحی ادارہ پورے ملک میں قدرتی آفات ، سانحات اورحادثات کے موقع پر متاثرین کی مددکرتاہے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن نے آزادکشمیرمیں آنے والے زلزلے کے موقع پر لاکھوں متاثرین کی جس طرح کئی ماہ تک خدمت کی ہے وہ ریکارڈپر موجود ہے ۔ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب، قحط سالی اورقدرتی آفات کے موقع پر بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن نے بڑھ چڑھ کرمتاثرین کی مدد کی ہے ۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے اسپتال، میڈیکل سینٹرز، بلڈبینک، ایمبولینس اورمیت بس سروس اوردیگرفلاحی ادارے بھی عوام کی بلاامتیازخدمت میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کوقربانی کی کھالیں زیادہ سے زیادہ تعدادمیں دیں تاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن مزیدبہترسے بہتراندازمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرسکے۔