مستعفی رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالد پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ پر ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کااظہارمذمت
یم کیوایم کودہشت گردی کانشانہ بنایاجارہاہے ، چندروزقبل رکن قومی اسمبلی رشیدگوڈیل پربھی مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیاتھا
ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے والوں کوگرفتارکرنے کے بجائے ایم کیوایم کے کارکنوں کوہی گرفتارکیاجارہاہے
سیف الدین خالدپر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کوگرفتارکیاجائے اورانہیں قانون کے تحت سخت سے سخت سزادی جائے
ایم کیوایم کے خلاف خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اصل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے
دہشت گردوں کی تربیت، فائنانسنگ اورپلاننگ کرنے والے عناصر کومنظرعام پر لایاجائے
لندن ۔۔۔ 18 ستمبر 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے مستعفی رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالد پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چندروزقبل ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی رشیدگوڈیل پر مسلح دہشت گردوں نے شدیدحملہ کیاتھااوروہ کئی روزتک موت اورزندگی کی کشمکش میں مبتلارہے ۔آج مستعفی رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالدپرفائرنگ کی گئی لیکن اللہ تعالیٰ کالاکھ لاکھ شکرہے کہ وہ دہشت گردوں کے حملے میں محفوظ رہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس سے قبل ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف اورسندھ اسمبلی کے تین ارکان رضاحیدر، منظرامام اورساجد قریشی کواسی طرح کے دہشت گردحملوں میں شہیدکیاجاچکاہے ۔تسلسل کے ساتھ ہونے والے یہ واقعات اس بات کوثابت کرتے ہیں کہ ایم کیوایم کودہشت گردی کانشانہ بنایاجارہاہے لیکن یہ امرافسوسناک ہے کہ ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے والوں کوگرفتارکرنے کے بجائے ایم کیوایم کے کارکنوں کوہی گرفتارکیاجارہاہے۔جنا ب الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ سیف الدین خالدپر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کوگرفتارکیاجائے اورانہیں قانون کے تحت سخت سے سخت سزادی جائے ۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ ایم کیوایم کے خلاف خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اصل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے اوران کی تربیت، فائنانسنگ اورپلاننگ کرنے والے عناصر کومنظرعام پر لایاجائے ۔