پشاور میں بڑھ بیر ائیربیس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ پرالطاف حسین کا اظہار مذمت
دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی افسران وجوانوں کو زبردست خراج عقیدت
دہشت گردوں نے نہتے نمازیوں کو بھی گولیوں سے بھون ڈالا جوکہ انتہائی سفاکانہ عمل ہے ، الطاف حسین
ایم کیوایم اور مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہے، الطاف حسین
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور میں بڑھ بیر ائیربیس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ بزدل حملہ آوروں نے نہ صرف ائیربیس پرحملہ کیا بلکہ ائیربیس میں قائم مسجد میں گھس کر فجر کی نماز ادا کرنے والے متعدد نہتے نمازیوں کو بھی گولیوں سے بھون ڈالا جوکہ انتہائی سفاکانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی افسران وجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان کیپٹن اسفندیار ،جونیئر ٹیکنیشنز شان اور طارق نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کرکے بہادری اور جرات کی نئی مثال قائم کی ہے جس پر جتنا بھی فخرکیاجائے کم ہے ۔جناب الطاف حسین نے مسلح افواج کو ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ ایم کیوایم اور مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہے اور وطن کی سلامتی کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں نمازیوں سمیت مسلح افواج کے شہید افسران وجوانوں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے ، سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور تمام زخمیوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
*****