پی آئی بی کالونی ، ملیر اور قصبہ علی گڑھ میں رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کے ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر غیر قانونی چھاپے اور ایم کیو ایم کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور فرقہ پرست کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سرگرم ہیں انہیں گرفتار کرنے کے بجائے کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے کارکنان اور ذمہ داران کی گرفتاریوں کو روز کا معمول بنا لیا گیا ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
ماورائے عدالت قتل ، کارکنان کو جبری طو رپر گمشدہ کرکے اور غیر قانونی اور بلاجواز چھاپے و گرفتاریوں اور تشدد کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم کے کارکنان کو ہرگز خوف زدہ نہیں کیاجاسکتا ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
وزیراعظم ، آرمی چیف ، وفاقی وزیر داخلہ ، وزیراعلیٰ سندھ ،کور کمانڈ کراچی اور ڈی جی رینجرز ایم کیوایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں
کا سلسلہ بند کرائیں ،ر ابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔16، ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی پی آئی بی ، ملیر اور قصبہ علی گڑھ کالونی میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پرغیرقانونی چھاپہ مار کاررائیوں اور کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ شب سادہ لباس اہلکاروں نے ایم کیوایم ملیر سیکٹر یونٹ 98کی کمیٹی کے رکن وقاص کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور سادہ لباس اہلکاروں نے پی آئی بی کالونی میں اپنی ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایم کیوایم پی آئی بی کالونی سیکٹر یونٹ 48کے کارکن عمران کو ان کی رہائشگاہ سے حراست میں لے لیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرز اہلکاروں نے گزشتہ شب قصبہ علی گڑھ کالونی میں اپنی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایم کیوایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر یونٹ 122-Aکے کارکنان نعیم اور بابر آزاد کو گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور فرقہ پرست کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سرگرم ہیں لیکن انہیں گرفتار کرنے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے کارکنان اور ذمہ داران کی گرفتاریاں کرنا روز کا معمول بنا لیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ماورائے عدالت قتل ، کارکنان کو جبری طو رپر گمشدہ کرکے اور غیر قانونی اور بلاجواز چھاپے و گرفتاریوں اور تشدد کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم کے کارکنان کو ہرگز خوف زدہ نہیں کیاجاسکتا ہے ، حق پرستی کی راہ میں ماضی میں بھی ایم کیوایم کے کارکنان و ذمہ داران نے ان تمام مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی وہ یہ سب کچھ جھیلنے کیلئے تیار ہیں لیکن قائد تحریک جناب الطاف حسین کے فکر و فلسفہ اور نظریئے کی سچائی پر کسی قسم کا سودہ نہیں کرسکتے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، کور کمانڈ کراچی نوید مختار اور ڈی جی رینجرز بلال اکبر سے مطالبہ کیاکہ قصبہ علی گڑھ کالونی ، ملیر اور پی آئی بی کالونی میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے و گرفتاریوں کا فی الفور نوٹس لیاجائے،چھاپے و گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیاجائے اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب کرکے اسے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ ختم کیاجائے ۔