متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان کا اجلاس
فرقہ وارانہ قتل و حملوں کے واقعات کے الزام میں گرفتار شدگان کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
کمیٹی، فرقہ واریت کے الزام میں گرفتارہونے والے افراد کے بارے میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے گی، رابطہ کمیٹی
کمیٹی کی غیرجانبدارانہ تحقیقاتی رپورٹ آنے پر ایم کیوایم اپنا مؤقف بذریعہ پریس عوام کے سامنے لائے گی، رابطہ کمیٹی
اگر ایم کیوایم سے منسلک کوئی فرد فرقہ واریت کی بنیاد پر کسی واقعہ میں ملوث پایا گیا تو ایسے فرد کا دفاع نہیں کیا جائے گا
ایم کیوایم میں سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر کیلئے ’’زیرو ٹولیرنس‘‘ کی پالیسی ہے، رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے
ایم کیوایم ایک دوسرے کے مذاہب، عقائد اورمسالک کے احترام کا درس دیتی رہی ہے، رابطہ کمیٹی
قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے تمام مندرجات کی توثیق کردی
کراچی ۔۔۔13، ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ سینئر ڈپٹی کنوینرندیم نصرت کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں طویل مشاورت اورغوروخوض کے بعدگزشتہ دوسال کے دوران فرقہ وارانہ قتل وحملوں کے واقعات کے الزام میں گرفتارشدگان کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ یہ تحقیقاتی کمیٹی غیرجانبدار افراد پر مشتمل ہوگی اور فرقہ واریت کے الزام میں گرفتارہونے والے افراد کے بارے میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے گی ۔ اس کمیٹی کی غیرجانبدارانہ تحقیقاتی رپورٹ آنے پر ایم کیوایم اپنا مؤقف بذریعہ پریس عوام کے سامنے لائے گی۔ اجلاس میں اراکین رابطہ کمیٹی نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ اگرایم کیوایم سے منسلک کوئی فرد فرقہ واریت کی بنیاد پر کسی واقعہ میں ملوث پایاگیا تو ایم کیوایم ایسے فرد کا کسی بھی قسم کا دفاع نہیں کرے گی ۔رابطہ کمیٹی نے اس سلسلے میں ٹی وی ٹاک شوز میں ایم کیوایم کی نمائندگی کرنے والے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیلی ویژن کے پروگراموں اور اپنی تقاریر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کی بات کریں اور سنی سنائی باتوں کے حوالہ سے دکانوں ، ہوٹلوں اور چوراہوں پر بحث ومباحثہ کرنے سے قطعی اور قطعی گریز کریں۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیوایم میں سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر کیلئے ’’زیروٹولیرنس ‘‘ کی پالیسی ہے اور دنیا بھر کے ذی شعور عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ایم کیوایم مذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے اور ایک دوسرے کے مذاہب، عقائد اورمسالک کے احترام کا درس دیتی رہی ہے ۔دریں اثناء قائد تحریک جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے تمام مندرجات کی توثیق کردی ہے۔