آج زیادتی کا رونا رونے والے کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں پر قہقہے لگایا کرتے تھے، رؤف صدیقی
کراچی آپریشن کو غیر جانبدارانہ قرار دینے والے آج اس کی غیر جانبداری پر انگلیاں کیوں اٹھا رہے ہیں۔ رؤف صدیقی
ڈاکٹر عاصم حسین جیسی گرفتاری، جس میں نہ ہتھکڑی، نہ منہ پر کپڑا، بلٹ پروف گاڑی، طبی سہولتیں، گھر والوں سے ملاقات خوش نصیبوں کو میسر آتی ہیں، رؤف صدیقی
خورشید شاہ کے متعصبانہ بیان سے افسوس ہوا، ایم کیو ایم کے بارے میں خورشید شاہ کا بیان ان کے اور ان کی پارٹی کے دلی بغض اور عداوت کی عکاسی کرتا ہے، رؤف صدیقی
سیاسی بیان بازی اور ایم کیو ایم پر نفرت انگیز تنقید کرنے والے اپنے مزید تماشوں کا انتظار کریں، رؤف صدیقی
کراچی۔۔۔۔ 02 ستمبر2015
رؤف صدیقی نے اپنے ایک بیا ن میں کہا کہ آج زیادتی کا رونا رونے والے اور کراچی آپریشن کو آج غیر جانبدارانہ قرار دینے والے کل تک ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والی زیادتیوں پر خوشیاں مناتے اور قہقہے لگایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کی کوشش تو درکناران سے ہمدردی کے دو بول بھی نہ بولے گئے۔ رؤف صدیقی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی ایسی گرفتاری کہ عدالت میں پیشی کے وقت نہ ہاتھوں میں ہتھکڑی، نہ منہ پر کپڑا ڈالا گیا، اپنی بلٹ پروف گاڑی میں تشریف فرما ہوئے اور مکمل طبی سہولتوں اور گھر والوں سے ملاقات کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ایسی گرفتاریاں تو خوش نصیب لوگوں کو میسر آتی ہیں۔ رؤف صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین سے جس قسم کی دلی وابستگی ظاہر کی جا تی رہی ہے تو ان کی گرفتاری پر جناب آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی اہم لیڈرشپ کو کم از کم بھوک ہڑتال کا اعلان تو کر ہی دینا چاہیے؟ پھر ذرا دم خم ان کے ہم بھی دیکھتے۔ رؤف صدیقی نے کہا کہ خورشید شاہ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف جو کارروائی ہو رہی ہے وہ صحیح ہے اور پیپلز پارٹی کے خلاف جو کارروائی ہو رہی ہے وہ غلط ہے۔ خورشید شاہ کے اس قسم کے متعصبانہ بیان ان کے اور ان کی پارٹی کے دلی بغض اور عداوت ظاہر کر رہے ہیں۔ سیاسی بیان بازیاں اور ایم کیو ایم پر نفرت انگیز تنقید کرنے والے اپنے مزید تماشوں کا انتظار کریں۔