فیڈرل بی ایریا، کورنگی اور پاک کالونی میں رینجرز اور پولیس نے ایم کیوایم کے 8 ذمہ داروں اورکارکنوں کو گرفتارکرلیا
ایم کیوایم لٹریچر کمیٹی کے انچارج سہیل احمد کو نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد رینجرز نے مسجد کے باہر سے گرفتارکرلیا
ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے، رابطہ کمیٹی
کراچی آپریشن کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں ہے تو اس کا نشانہ صرف ایم کیوایم کوہی کیوں بنایاجارہا ہے ؟رابطہ کمیٹی
کراچی آپریشن کے حوالہ سے دروغ گوئی کرکے ملک بھرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔21، اگست2015ء
ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریاں مسلسل جاری ہیں اور گزشتہ شب سے آج دوپہر تک رینجرز اورپولیس اہلکاروں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی چھاپے مارکر ایم کیوایم کی لٹریچر کمیٹی کے انچارج سمیت 8 ذمہ داران وکارکنان کو گرفتارکرلیا، گرفتارشدگان میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم لٹریچرکمیٹی کے رکن سہیل احمد آج فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں واقع مسجد غفران سے نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد نکل رہے تھے کہ مسجد کے باہر موجود رینجرز کے اہلکاروں نے انہیں بلاجواز گرفتارکرلیا۔ اسی طرح گزشتہ شب رینجرز کے اہلکاروں نے پاک کالونی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارکر یونٹ 186 کے کارکنان محمد شاہد ولد محمد منور، محمد عمران ولد میرحسن ، افضل بھٹی ولد مہرعلی ، ریاض کلیم ولد محمد کلیم شہید، جواد کلیم ولد محمد کلیم شہیداور کورنگی میں پولیس اہلکاروں نے ایم کیوایم یونٹ 76کے کارکنان محمد احتشام ولد محمد خورشیداور محمد جبران ولد محمد خورشید کو گرفتارکرلیا۔ رینجرزاور پولیس کی جانب سے تمام گرفتارشدگان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے جہاں ان پر بہیمانہ تشدد کیا جارہا ہے ۔
دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز اور پولیس کی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کی مسلسل غیرقانونی گرفتاریوں اورحراست کے دوران ان پر بہیمانہ تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم لٹریچر کمیٹی کے رکن سہیل احمد کسی بھی مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر سے گرفتارکیاگیا جبکہ ایم کیوایم کے دیگر بے گناہ کارکنان کوانکے گھروں سے گرفتارکیاگیاہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب حکومت وانتظامیہ کی جانب سے مسلسل گمراہ کن دعویٰ کیاجارہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی بھی جماعت کے خلاف نہیں ہے جبکہ دوسری جانب صرف ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کاسلسلہ جاری ہے ۔ دوروز قبل رینجرز اورپولیس اہلکاروں نے کورنگی ، شاہ فیصل کالونی اورمحمودآباد میں چھاپے مارکر ایم کیوایم کے 9 ذمہ داروں اورکارکنوں کو گرفتارکرلیاتھا اور آج فیڈرل بی ایریا، کورنگی اور پاک کالونی سے ایم کیوایم کے مزید 8 ذمہ داروں اورکارکنوں کو گرفتارکرلیاگیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگر کراچی آپریشن کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں ہے تو اس کا نشانہ صرف ایم کیوایم کوہی کیوں بنایاجارہا ہے ؟ ایم کیوایم کی سیاسی وسماجی سرگرمیوں پر غیرقانونی پابندی کیوں عائد کی جارہی ہے اور اظہاررائے کی آزادی سلب کرکے مہاجروں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کیوں کی جارہی ہیں؟رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک طرف سفاک دہشت گردایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی رشیدگوڈیل پر قاتلانہ حملہ کررہے ہیں ، بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کررہے ہیں ، پولیس اہلکاروں پر حملے کرکے انہیں شہید وزخمی کیاجارہا ہے اور مسلح ڈاکو کروڑوں روپے کی ڈکیتیاں کررہے ہیں لیکن سفاک قاتلوں اورڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے کراچی آپریشن کا رخ صرف ایم کیوایم کی جانب موڑدیاگیا ہے اور کراچی آپریشن کے حوالہ سے دروغ گوئی کرکے ملک بھرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں اورگرفتارشدگان کو عدالت میں پیش نہ کرنے کا فوری نوٹس لیاجائے اور ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے۔