رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کا قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر رابطہ
خورشید شاہ ، قائم علی شاہ اور عمران اسماعیل کی حق پرست رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور
ملوث دہشت گردوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ
پیپلزپارٹی کی رہنما محترمہ شہلا رضا کابھی سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی سے ٹیلی فون پر رابطہ ،رشید گوڈیل کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے پرانتہائی تشویش اور دکھ کااظہار
کراچی ۔۔۔18، اگست2015ء
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے حق پرست رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کی فی الفور گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ انہوں نے قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ ، قائم علی شاہ اور عمران اسماعیل نے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے اور ان کے نتیجے میں ان کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور رشید گوڈیل کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کو رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ کی تفصیلات اور اس کے پس پردہ محرکات سے بھی آگاہ کیا ۔
دریں اثناء پیپلزپارٹی کی رہنما محترمہ شہلا رضا نے بھی سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی سے رشید گوڈیل کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے پرانتہائی تشویش اور دکھ کااظہار کیا ۔ شہلا رضا نے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی ۔