محترمہ ریحانہ یوسف زئی، محمد کمال ملک اور شاہد پاشا کو ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی میں شامل کر لیا گیا
اس بات کا فیصلہ ایم کیوایم لندن و پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور دیگر ذمہ داران کے اجلاس میں کیا گیا
محمد کمال ملک اور شاہد پاشا مرکزی الیکشن سیل کے رکن ہیں اور ریحانہ یوسف زئی ایڈوکیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کی رکن ہیں قائد تحریک جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے
کراچی ۔۔8،اگست 2015ء
ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل کے ارکین محمدکمال ملک ،شاہد پاشا اور لیگل ایڈ کمیٹی کی رکن ریحانہ یوسف زئی ایڈ وکیٹ کو رابطہ کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے اس بات کا فیصلہ ایم کیوایم لندن و پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور دیگر ذمہ داران کے اجلاس میں کیا گیا ۔ شاہد پاشا تحریک کے سینئر کارکن ہیں جو اس سے قبل ایم کیوایم فیڈر بی ایریا سیکٹر کے جوائنٹ انچارج اور نگراں سیکٹر انچارج کی ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں اور آج کل الیکشن سیل کے رکن ہیں ،محمد کمال ملک بھی ایم کیوایم کے سینئر کارکن ہیں جو اس سے قبل ملیر سیکٹر کے انچارج کی تنظیمی ذمہ داری پر فائز رہ چکے ہیں اور ان دنوں مرکزی الیکشن سیل میں بھی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ محترمہ ریحانہ یوسف زئی کا شمار بھی ایم کیوایم کی سینئر کارکنوں میں ہوتاہے وہ شعبہ خواتین میں بھی تنظیمی فرائض انجام دے چکی ہیں جبکہ سابق رکن سندھ اسمبلی بھی ہیں اور آج کل لیگل ایڈ کمیٹی میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ دریں اثنا ء ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے ۔