آصف زرداری نے فوجی جرنیلوں کو اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکی دی تھی، آصف حسنین
خورشید شاہ، جواب دیں کہ آصف زرداری کی جانب سے مسلح افواج کو للکارنے پر کیا قوم کو بہت خوشی محسوس ہوئی ہے؟
کراچی ۔۔۔7، اگست2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کیا آصف علی زرداری کی جانب سے مسلح افواج کے جرنیلوں کو للکارنے سے قوم کو خوشی محسوس ہوئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سید خورشید شاہ نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ الطاف حسین کے بیان سے قوم خوش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے فوجی جرنیلوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ انہیں جنگ کرنی نہیں آتی اور ہم جنگ کرناجانتے ہیں، اگر ہم نے جنگ شروع کی تو پھر اینٹ سے اینٹ بجادیں گے ۔ آصف حسنین نے کہاکہ خورشید شاہ ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بیان پر تو تبصرہ کررہے ہیں لیکن وہ قوم کو جواب دیں کہ ان کی پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کی جانب سے مسلح افواج کو للکارنے والے اس بیان سے کیا قوم کو بہت خوشی محسوس ہوئی ہے ؟