حیدرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حق پرست امیدوار ملک عبد الرشید کی بلامقابلہ بحیثیت وائس چیئرمین کامیابی پر جناب الطاف حسین کی مبارک باد
ایم کیو ایم ملک میں میرٹ اور انصاف کے نظام کی قائل ہے ،غریب و محروم عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں
الطاف حسین کی نو منتخب وائس چےئرمین ملک عبد الرشید کو ہدایت
حیدرآباد ۔۔۔5 اگست 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے حیدرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حق پرست نامزد امیدوار ملک عبد الرشید کو بلا مقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ ایک تہنیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ حق پرست امیدواران نے ہمیشہ اپنے دائرہ اختیار میں عوام کی بلا امتیاز اور بے لوث خدمت کی ہے ، ایم کیو ایم ملک میں میرٹ اور انصاف کے نظام کی قائل ہے کیوں کہ انصاف کے بغیر دنیا کا کوئی معاشرہ پائیدار و مستحکم ترقی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔جناب الطاف حسین نے نو منتخب وائس چےئر مین ملک عبدالرشید کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیارکو استعمال کرتے ہوئے غریب و محروم عوام کی بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب، زبان خدمت کریں اور نظریہ حقیقت پسندی و عملیت پسندی کو اپنا شعار بناکر عوامی مسائل کے حل کیلئے یقینی کوششیں بروئے کار لائیں۔