ایم کیوایم کا آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے ’’0.3 % ود ہولڈنگ ٹیکس‘‘کے خلاف کی جانے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
ودہولڈنگ کے نفاذ پر نظر ثانی کرتے ہوئے تاجران اور غریب عوام پرمزید ٹیکسز کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔۔30جولائی 2015
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںآل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے حکومت کی طرف سے جبری طور پر مسلط کئے جانے والے "0.3 %ود ہولڈنگ ٹیکس"کے خلاف یکم اگست 2015ء کو کی جانے والی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ پہلے مذکورہ ٹیکس وزراتِ خزانہ کی جانب سے 0.6کی شرح سے نافذ کیا گیا تھا لیکن ملک بھر کے تاجران کی جانب سے اس کو قبول کرنے سے انکار اور پر زور احتجاج کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اس کی شرح 0.3کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ہونا تو چاہیے کہ حکومت تاجرون پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور اپنے محصولات میں اضافے کے لئے صنعت و تجارت کے شعبوں کے ساتھ ساتھ زرعی ٹیکس کا بھی اطلاق کرے، تاکہ ملک کے محصولات میں اضافہ ہوسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جبری ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے باعث جہاں بینکنگ کی صنعت بری طرح متاثر ہو رہی ہے وہیں چھوٹے تاجر اپنی روزمرہ کی کاروباری سرگرمیوں اور ادائیگیوں مشکلات کا شکار ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ودہولڈنگ کے نفاذ پر نظر ثانی کرتے ہوئے تاجران اور غریب عوام پرمزید ٹیکسز کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔