وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرداخلہ سندھ خدااور رسولؐ کے واسطے قمرمنصور کو فی الفور اسپتال میں داخل کرادیں، الطاف حسین
قمرمنصور کو رینجرز نے رمضان کی 29 ویں شب گرفتاری کے بعدبہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایاگیا، الطاف حسین
ان کی بہن کے مطابق حراست کے دوران بہیمانہ تشدد کے باعث قمر منصور قریب المرگ ہیں اور ان کی حالت دیکھی نہیں جارہی تھی
بہیمانہ تشدد سے قمرمنصور کا چہرہ سوجاہوا ہے، سرپر گومڑے اورپیشاب میں خون آرہا ہے، الطاف حسین
قمرمنصور کو1992ء میں بھی گرفتاری کے بعد مہینوں غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنایاگیاتھا، الطاف حسین
رہائی کے بعد طویل علاج کے بعد وہ چلنے پھرنے کے قابل ہوئے تھے لیکن مکمل طورپر صحت یاب نہ ہوسکے تھے
قمر منصور کی والدہ محترمہ پہلے ہی شدید علیل ہیں اور قمرمنصور کی گرفتاری کے بعد ان کی حالت مزید بگڑگئی ہے، الطاف حسین
قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا سید قائم علی شاہ اور انور سیال سے پرزورمطالبہ
لندن۔۔۔19، جولائی2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیرداخلہ سندھ انورسیال سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ خدااور رسولؐ کے واسطے رابطہ کمیٹی کے رکن قمرمنصور کو فی الفور اسپتال میں داخل کرادیں تاکہ ان کی جان بچائی جاسکے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ قمرمنصور کو رینجرز نے رمضان المبارک کی 29 ویں شب خورشید بیگم سیکریٹریٹ سے گرفتارکیاتھا جس کے بعدانہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ قمرمنصور کو1992ء میں بھی ایم کیوایم کے آپریشن کے دوران گرفتارکیاتھا اور مہینوں تک غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنایاگیا تھا۔جس سے انکی ریڑھ کی ہڈی سمیت جسم کے بیشتراعضاء شدیدمتاثر ہوئے ۔رہائی کے بعد طویل علاج کے بعد وہ چلنے پھرنے کے قابل ہوئے تھے لیکن مکمل طورپر صحت یاب نہ ہوسکے تھے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج میری قمرمنصور کی ہمشیرہ ڈاکٹر مسرت جہاں سے فون پربات ہوئی ہے جنہوں نے بتایا کہ قمرمنصور کورینجرز کے حکام ان کی والدہ سے ملاقات کیلئے اسپتال لائے تھے ۔ ڈاکٹر مسرت جہاں نے بتایا کہ بہیمانہ تشدد کے باعث قمر منصور قریب المرگ ہیں اور ان کی حالت دیکھی نہیں جارہی تھی ، حراست کے دوران بہیمانہ تشدد سے ان کا چہرہ سوجاہوا ہے،سرپ گومڑے ہیں، پیشاب میں خون آرہا ہے اور ان کے تلوے جگہ جگہ سے زخمی تھے، حراست اور تشدد کے باعث ان کی کمر میں تکلیف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور وہ صحیح طریقے سے چل بھی نہیں پارہے تھے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرداخلہ سندھ کے علم میں یہ بات بھی لانا چاہتا ہوں کہ قمر منصور کی والدہ محترمہ پہلے ہی شدید علیل ہیں اور قمرمنصور کی گرفتاری کے بعد ان کی حالت مزید بگڑگئی ہے اورشدیدعلالت کے باعث وہ نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قمرمنصور اس وقت رینجرز کی حراست میں ہیں جنہیں 29، ویں رمضان کی مقدس شب کو نائن زیروپر چھاپہ مارکرگرفتارکیاگیاتھا۔ جناب الطاف حسین نے اللہ اور رسولؐ کا واسطہ دیکروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیرداخلہ سندھ انورسیال سے اپیل کی وہ قمرمنصور کی جاں بخشی کیلئے انہیں فی الفور کسی بھی اسپتال میں داخل کرادیں۔