نائن زیروپررینجرز کا چھاپہ اورکہف الوریٰ اور قمرمنصور کی گرفتاری ننگی بربریت اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ، الطاف حسین
رینجرزوالوں کی کارروائیاں پاکستان کوجوڑنے کی طرف نہیں بلکہ اسے نقصان پہنچانے کی طرف لے جارہی ہیں
پالیسی میکرز فی الفورہنگامی طورپرسرجوڑکربیٹھیں اور پانچ کروڑ مہاجروں کے زخموں پر مرہم رکھیں
وزیراعظم نواز شریف ایم کیوایم پرمظالم کا سلسلہ بند کرائیں ،تمام گرفتارشدگان کوفی الفوررہاکرائیں، الطاف حسین
قائم علی شاہ اورآصف زرداری نے رینجرز کو ظلم وبربریت کا لائسنس دیکرسندھ کی تقسیم کا بیج بودیا ہے، الطاف حسین
اپنے ساتھیوں کی رہائی کی بھیک نہیں مانگیں گے،عدالت سے رجوع کریں گے ،الطاف حسین
اگر عدالتوں سے انصاف نہ ملاتو انصاف کے حصول کیلئے اقوام متحدہ جائیں گے، انصاف کیلئے دنیاکا ہردروازہ کھٹکھٹائیں گے ،الطاف حسین
نائن زیروپررینجرزکے چھاپے اور کہف الوریٰ اور قمرمنصورکی گرفتاری پرنائن زیرپر جمع ہونے والے کارکنوں، خواتین اوربزرگوں سے فون پر خطاب
لندن ۔۔۔ 17 جولائی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے کہاہے کہ نائن زیروپررینجرزکی جانب سے دوسری مرتبہ چھاپہ اوردورہنماؤں کی گرفتاری ننگی بربریت اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ آئین وقانون کی تمام شقوں ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اوراسلام کی تعلیمات کے سراسرخلاف ہے ۔بدقسمتی سے رینجرزوالوں کی کارروائیاں پاکستان کوجوڑنے کی طرف نہیں بلکہ اسے نقصان پہنچانے کی طرف لے جارہی ہیں۔لہٰذا پالیسی میکرز فی الفورہنگامی طورپرسرجوڑکربیٹھیں، پانچ کروڑ مہاجروں کے زخموں پر مرہم رکھیں،اگران کے زخم گہرے سے گہرے ہوتے گئے تواس کا انجام کار اچھانہیں ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارجمعہ علی الصبح ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپررینجرزکے چھاپے اوررابطہ کمیٹی کے انچارج کہف الوریٰ اور رابطہ کمیٹی کے رکن قمرمنصورکی گرفتاری کی خبرسنکرنائن زیروپر جمع ہونے والے کارکنوں، خواتین اوربزرگوں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ رینجرزنے آج نائن زیروپر دوبارہ چھاپہ مارکر بڑی بہادری کامظاہرہ کیا اورایم کیوایم کے رہنماؤں کوبلاجوازگرفتارکرکے لے گئے ۔انہوں نے کہاکہ رینجرز نے اعلان کیاتھاکہ ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کوزکوٰۃ فطرے کے عطیات جمع نہیں کرنے نہیں دیں گے اورانہوں نے طاقت کااستعمال کرکے ہمیں زکوٰۃ فطرہ جمع کرنے نہیں دیالیکن رینجرزکی تمام تررکاوٹوں کے باوجود اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم کی بدولت ہم نے آج غریب بیواؤں، یتیموں اورمسکینوں کی امداد کے لئے امدادی پروگرام کرلیا۔ رینجرزکواس پر غصہ آگیااورانہوں نے اپناغصہ نکالنے کیلئے رمضان المبارک کی 29ویں شب کو نائن زیروپر چھاپہ مارکرایم کیوایم کے دورہنماؤں کوگرفتارکرلیا۔یہ کارروائی ننگی بربریت اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ آئین وقانون کی تمام شقوں ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اوراسلام کی تعلیمات کے سراسرخلاف ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ کارکنان مزیدگرفتاریوں اورچھاپوں کے لئے ذہنی وجسمانی طور پر تیاررہیں، ہم دیکھتے ہیں کہ پانچ کروڑ مہاجروں اورحق پرست پنجابیوں، پختونوں، بلوچوں، سندھیوں،سرائیکیوں ،ہزارے وال ،کشمیریوں، گلگتیوں او ر بلتستانیوں کوکس طرح گرفتار کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسی پالیسیاں بنانے والوں نے نہیں سوچاکہ اس سے شہریوں میں محبت کے خیالات پیداہوتے ہیں یانفرت کے خیالات جنم لیتے ہیں۔ ان کوپتہ نہیں کہ اس قسم کے مظالم سے نفرت پیداہوتی ہے یامحبت پیداہوتی ہے۔ کل تک کسی وردی والے کو دیکھ کرلوگ ہاتھ ملانا اپنے لئے فخرسمجھتے تھے مگرآج ان کے جذبات قطعی برعکس ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ارباب اختیاراورپالیسی میکرزاس پر سوچیں اورسمجھائیں کہ آخر اس طرح کے اقدامات ملک کوکس طرف لے جائیں گے۔ارباب اختیاراور پالیسی میکرزکوسوچناہوگاکہ وہ پاکستان کوقائم ودائم دیکھناچاہتے ہیں یاپاکستان کوکمزورکرناچاہتے ہیں؟بدقسمتی سے رینجرزوالوں کی کارروائیاں پاکستان کوجوڑنے کی طرف نہیں بلکہ اسے نقصان پہنچانے کی طرف لے جارہی ہیں۔لہٰذا پالیسی میکرزاس کاخیال کریں، فی الفورہنگامی طورپرسرجوڑکربیٹھیں، پانچ کروڑ مہاجروں کے دل جیتیں، ان کے زخموں پر مرہم رکھیں،اگران کے زخم گہرے سے گہرے ہوتے گئے تواس کا انجام کار اچھانہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بہترہے کہ گرفتارشدگان کوچھوڑدیاجائے اورظلم کاسلسلہ بند کیاجائے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ16دسمبر1971ء کوسقوط ڈھاکہ ہوا،اس سے ایک سال پہلے تک کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتاتھاکہ مشرقی پاکستان میں قدرت حالات ایسے بدلے گی کہ پاکستان کی فوج ہتھیارڈالنے پر مجبورہوگی اورمشرقی کمان کے کمانڈرجنرل نیازی جنرل اروڑہ کے سامنے اپنی شکست کی دستاویزپر دستخط کررہے ہوں گے۔لہٰذامیرا یہی کہناہے کہ ہم پروردی اوربندوق کی طاقت نہ دکھائی جائے ایسانہ ہوکہ بین الاقوامی سطح پر حالات بدل جائیں۔ جناب الطاف حسین نے کارکنوں،خواتین اوربزرگ کارکنوں سے کہاکہ مضان کے مقدس مہینے میں رینجرزنے بہت ظلم کیاہے ۔مگرجس طرح آپ نے ماضی میں ایسے ظلم پر صبر کیا ویسے ہی صبرکامظاہرہ اس ظلم پربھی کریں، قانون کوہاتھ میں نہ لیں، کوئی ناخوشگواراقدام نہ کریں اوریقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ سب کچھ دیکھ رہاہے ، وہ ظلم وبربریت کرنیوالوں پر اپناعذاب نازل کرے گااوراس کاحکم دینے والوں کوبھی اس ظلم کی سزادے گا۔ جناب الطاف حسین نے خواتین،بزرگوں اور کارکنوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نائن زیروپر چھاپے کی خبرسن کرڈرنے اورگھبرانے کے بجائے جس طرح نائن زیروپہنچے اورآپ نے جس جرات وہمت کامظاہرہ کیااس پر میں آپ کوسلام تحسین پیش کرتاہوں۔ انہوں نے اراکین رابطہ کمیٹی ، سینیٹرز اور ارکان اسمبلی کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم میں صرف کارکن ہی جیلوں میں نہیں جاتے بلکہ رہنمابھی قربانیاں دیتے ہیں اورآج تمام رہنماؤں اورمنتخب نمائندوں نے ساتھیوں کے ساتھ نائن زیروپہنچ کربتادیاکہ ایم کیوایم میں چھوٹے بڑے کاکوئی فرق نہیں بلکہ سب برابرہیں۔