پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ کے بیان پر ایم کیوایم کے رشید گوڈیل کا ردعمل
قیام پاکستان سے سندھ کے شہری عوام کا استحصال ہوتا آرہا تھا، رشید گوڈیل
مذہبی جماعتوں نے عوام سے ووٹ، نوٹ اور قربانیاں تو حاصل کیں لیکن انکے حقوق کی بات کبھی نہیں کی
پیپلزپارٹی کے ادوار حکومت میں سندھ کے شہری عوام کے جائز حقوق غصب کیے جاتے رہے
الطاف حسین نے مظلوم عوام کو اپنے حقوق کا شعور دیا، شناخت دی ہے، رشید گوڈیل
مہاجراورمظلوم عوام ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے ممنون ہیں اور اسی لیے تمام تر مصائب اور آزمائشوں کے باوجود ان کے ساتھ ہیں، رشید گوڈیل
کراچی۔۔۔16، جولائی2015ء
قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے اپوزیشن لیڈر رشید گوڈیل نے پیپلزپارٹی کے اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے سندھ کے شہری عوام کا استحصال ہوتاآرہا تھا ، ان کو جماعت اسلامی جیسی مذہبی جماعتوں نے اپنے نعروں میں الجھا کر ان سے ووٹ، نوٹ اور قربانیاں تو حاصل کیں لیکن انکے حقوق کی بات کبھی نہیں کی۔ ان جماعتوں اور ان کے رہنماؤں نے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کی قربانیوں اور لاشوں کے بل پر اپنی قسمتیں تو بدل لیں لیکن عوام کی قسمت نہیں بدلی ۔ انہوں نے کہاکہ خود پیپلزپارٹی کے ادوار حکومت میں سندھ کے شہری عوام کے جائز حقوق غصب کیے جاتے رہے ہیں اور ان کا سیاسی، تعلیمی ،معاشی اور جسمانی قتل کیاجاتارہا ہے ۔ رشید گوڈیل نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے مظلوم عوام کو اپنے حقوق کا شعور دیا ، شناخت دی اور قربانی دینے کا صرف درس نہیں دیا بلکہ اپنے بھائی اور بھتیجے کی قربانی دیکر ثابت کردیا کہ وہ جوکہتے ہیں کرکے بھی دکھاتے ہیں ۔ قائد تحریک جناب الطاف حسین آج 24 سال سے جلاوطنی کی کربناک زندگی گزاررہے ہیں اور جلاوطنی میں بھی اپنے کارکنان سے ہرلمحہ رابطہ میں ہیں ۔ رشید گوڈیل نے کہاکہ مہاجراورمظلوم عوام ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے ممنون ہیں اور اسی لیے تمام تر مصائب اور آزمائشوں کے باوجود ان کے ساتھ ہیں ۔