وزیراعظم نوازشریف ،خواجہ آصف کی جانب سے آئی ایس آئی کے دوسابق سربراہوں پرسنگین الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائیں، ندیم نصرت
خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل شجاع پاشا اور ظہیرالاسلام نے تحریک انصاف سے دھرناکرواکر نواز شریف کی منتخب حکومت کو گرانے کا منصوبہ تیار کیا تھا،ندیم نصرت
یہ الزامات درست ہیں تو غلط عمل کرنے والوں کو سزا دی جائے اور اگر غلط ہیں تو الزامات لگانے والے کو سزا دی جائے، ندیم نصرت
لندن۔۔۔13،جولائی2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے وزیراعظم نوازشریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیردفع خواجہ آصف کی جانب سے آئی ایس آئی کے دوسابق سربراہوں کے خلاف لگائے جانے والے سنگین الزامات کی سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل اعلیٰ انکوائری کمیشن کے ذریعہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائیں ۔ اپنے ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ خواجہ آصف نے اپنے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں یہ انکشاف کیا ہے کہ آئی ایس آئی کے دونوں سابق سربراہان جنرل شجاع پاشا اور ظہیرالاسلام نے گزشتہ سال عمران خان اور تحریک انصاف سے دھرناکرواکر نواز شریف کی منتخب حکومت کو گرانے کا منصوبہ تیار کیا تھا جسے عام طورپر لندن پلان کے نام سے پکارا جاتا ہے اور دونوں جرنیلوں نے پاکستان کوشدیدنقصان پہنچانے کا عمل کیا ہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ خواجہ آصف نے اپنے انکشاف میں واضح طورپر کہا ہے کہ اس لندن پلان کے مطابق ایک منتخب جمہوری حکومت کوگرانے کیلئے نہ صرف میڈیا کو بھرپورطریقہ سے استعمال کیاگیا بلکہ عمران خان کی تحریک انصاف کوسرمایہ کاروں سے خطیر رقومات بھی دلوائی گئیں ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ خواجہ آصف کی جانب سے لگائے گئے یہ الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اور اگر یہ درست ہیں تو یہ عمل کرنے والے دو جرنیلوں نے ایک منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازشیں کرکے نہ صرف اپنے اختیارات سے تجاوز کیا بلکہ اپنے حلف کی بھی صریحاً خلاف ورزی کی ہے ۔ ندیم نصرف نے وزیراعظم نوازشریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے پرزورمطالبہ کیا کہ خدارا!! خواجہ آصف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی فوری طورپر تحقیقات کرواکر اصل حقائق جلد ازجلد عوام کے سامنے لائیں ۔ اگر یہ الزامات درست ہیں تو غلط عمل کرنے والوں کو سزا دی جائے اور اگریہ الزامات غلط ہیں تو الزامات لگانے والے کو سزا دی جائے۔