نائن زیرو پر چھاپے سے متعلق رینجرز کے بیان پر ایم کیوایم کا ااظہار حیرت
ایم کیوایم نے حالیہ دنوں میں نائن زیرو پر چھاپے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے
نائن زیرو پر چھاپہ سے متعلق ایم کیوایم کی شکایات جائز اور حقائق پر مبنی ہیں
پچسیویں شب کے موقع پر اس قسم کے بیانات جاری کرنے کے پیچھے کون سے مقاصد پوشیدہ ہیں
نائن زیرو پر چھاپہ کے معاملات کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعہ کروائی جائیں ۔
عدالتی کمیشن وقاص علی کی شہادت سمیت دیگر شکایا ت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے
جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے حقائق پوری دنیا کے سامنے آجائیں گے
کراچی 11جولائی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے پاکستان رینجرز کے ترجمان کی جانب سے نائن زیر و پر چھاپے کے حوالے سے میڈیا کو جاری کئے گئے تازہ ترین بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ایم کیوایم کے ترجمان نے کہا کہ ایم کیوایم نے نائن زیر و پر چھاپے کے حوالہ سے گذشتہ چند روز میں کوئی بیان میڈیا کو جاری ہی نہیں کیاہے اس لئے حقائق کو مسخ کرنے یا نہ کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ایم کیوایم کے ترجمان نے کہا کہ جہاں تک نائن زیرو پر چھاپے، وہاں سے گرفتار کے گئے افراد اور اس چھاپے کے حوالے سے رینجرز کی جانب سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ کا تعلق ہے تو اس بارے میں ایم کیوایم کی شکایات جائز اور سراسر حقائق پر مبنی ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ غور طلب بات یہ ہے کہ اس وقت جب ملک بھر کے عوام پچسیویں شب پر عباد ت میں مٖصروف ہیں اس وقت رینجر ز کے ترجمان نے اتنی رات گئے کسی جواز کے بغیر بیان کیوں جاری کیا ہے اور عین عید کے موقع پر اس قسم کے بیانات جاری کرنے کے پیچھے کون سے مقاصد پوشیدہ ہیں ۔ترجمان نے مزید کہا کہ مناسب ہوگا کہ اس معاملہ پر میڈیا کو بیانات جاری کرنے کے بجائے سپریم کورٹ یا سندھ ہائی کورٹ کے ججوں پر مشتمل ایک غیر جانبدار کمیشن بناکر نائن زیرو پر چھاپے اورایم کیوایم میڈیا سیل کے کارکن وقاص علی کی المناک شہادت کے واقعات کی تحقیقات کروائی جائے تاکہ اس معاملہ سے متعلق تمام تر حقائق پوری دنیا کے سامنے آجائیں ۔