چوہدری نثاررینجرزکی زیادتیوں کاازالہ کر یں،کراچی کے عوام کے زخموں پرنمک پاشی نہ کریں،مصطفےٰ عزیزآبادی
کس آئین اورکس قانون میں لکھاہے کہ کسی رجسٹرڈ فلاحی ادارے کیلئے زکوٰۃ فطرے کے عطیات جمع کرنے والے کارکنوں کوگرفتارکیاجائے ؟ مصطفےٰ عزیزآبادی
کیارینجرزکی جانب سے ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوگرفتارکرنے کا اعلان اور اندھادھند
گرفتاریوں کا عمل آئینی اورقانونی ہے؟
ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر کراچی کے معصوم وبے گناہ افراد کی گرفتاریاں ،انہیں غائب کردینا ، دوران حراست انسانیت سوز تشددکانشانہ بنانا اورماورائے عدالت قتل کیا آئین وقانون کے مطابق ہیں؟
رینجرز غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کرکے آئین وقانون کی دھجیاں بکھیررہی ہے ۔مصطفےٰ عزیزآبادی
رینجرزایک طے شدہ منصوبہ کے تحت ایم کیوایم کونشانہ بنارہی ہے؟مصطفےٰ عزیزآبادی
رینجرزکی زیادتیوں اورچھاپوں کے دوران عوام ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک کی وجہ سے کراچی کے عوام کے دل پہلے ہی بہت زخمی ہیں
لندن ۔۔۔ 8 جولائی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پرتبصرہ کرتے ہوئے ان سے سوال کیاہے کہ چوہدری نثاربتائیں کہ پاکستان کے کس آئین اورکس قانون میں لکھاہے کہ کسی رجسٹرڈ فلاحی ادارے کیلئے زکوٰۃ فطرے کے عطیات جمع کرنے والے کارکنوں کوگرفتارکیاجائے ؟ اس کی فلاحی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں؟آئین کی کس شق اورقانون کی کس کتاب میں لکھاہے کہ ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوبغیرکسی مقدمہ کے محض سیاسی وابستگی کی بنیادپرگرفتارکیا جائے ؟کیارینجرزکی جانب سے ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوگرفتارکرنے کا اعلان اوراندھادھندگرفتاریوں کا عمل آئینی اورقانونی ہے؟کیایہ کارروائیاں اس بات کاثبوت نہیں کہ رینجرزایسے غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کرکے آئین وقانون کی کھلی خلاف ورذیاں ہی نہیں کررہی ہے بلکہ آئین وقانون کی دھجیاں بکھیررہی ہے اورایک طے شدہ منصوبہ کے تحت ایم کیوایم کونشانہ بنارہی ہے؟مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر کراچی کے معصوم وبے گناہ افراد کی گرفتاریاں ،انہیں غائب کردینا اورگرفتاریوں کے بعد دوران حراست انسانیت سوز تشددکانشانہ بنانا اورماورائے عدالت قتل کے سفاکانہ اقدامات کیا آئین وقانون کے مطابق ہیں؟مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ رینجرزکے ان مظالم اورچھاپوں کے دوران عوام ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک اور دیگر زیادتیوں کی وجہ سے کراچی کے عوام کے دل پہلے ہی بہت زخمی ہیں، چوہدری نثار ان زیادتیوں کاازالہ کرنے کے بجائے اس طرح کی باتیں کرکے عوام کے زخموں پرنمک پاشی نہ کریں۔