پاکستان تحریک انصاف، سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کے عوام کی کھلی دشمن ہے، قاسم علی رضا
پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ،عوامی خواہشات اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ میں رینجرز کی ضرورت کا فیصلہ کریں گی، قاسم علی رضا
رینجرز کا ظالمانہ اور غیرقانونی عمل اسٹیبلشمنٹ کی ایجنٹ جماعت پی ٹی آئی کو دکھائی نہیں دیتا،قاسم علی رضا
پی ٹی آئی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ رینجرزکے متعصبانہ اور سفاکانہ عمل وکردارمیں برابر کی شریک ہے،قاسم علی رضا
لندن۔۔۔8،جولائی2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف ،سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کے عوام کی کھلی دشمن ہے ۔ سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالہ سے پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے قرارداد جمع کرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے قاسم علی رضا نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سندھ کی سب سے بڑی منتخب عوامی جماعتیں ہیں جوعوامی خواہشات اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گی کہ سندھ کے عوام کوصوبے میں رینجرز کی ضرورت ہے یا نہیں ۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کی جانب سے کراچی کے بے گناہ نوجوانوں کو جھوٹے الزامات میں گرفتارکیاجارہا ہے، انہیں جنگی قیدیوں کی طرح عدالت میں پیش کیاجارہا ہے ، حراست کے دوران ان پر انسانیت سوز تشدد کیاجارہا ہے اورایم کیوایم کی سیاسی وفلاحی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے لیکن یہ ظالمانہ اور غیرقانونی عمل اسٹیبلشمنٹ کی ایجنٹ جماعت پی ٹی آئی کو دکھائی نہیں دیتے۔قاسم علی رضا نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کا تحفظ کرنے والی پی ٹی آئی نے سندھ کے عوام کی خواہشات اورامنگوں کے برخلاف سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرارداد جمع کراکر ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی صوبہ سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی میں رینجرزکے متعصبانہ ، ظالمانہ اور سفاکانہ عمل وکردارمیں برابر کی شریک ہے ۔