کراچی میں ہونیوالے آپریشن کا رخ مکمل طورپرایم کیوایم اور بالخصوص مہاجروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے ۔آصف قاضی
خدمت خلق فاؤنڈیشن کے لئے عطیات جمع کرنے والے رضاکاروں کو بھی بھتہ خوری کے الزامات لگا کربلاجواز گرفتار کیا جارہا ہے
ایم کیو ایم کینیڈا ا ٹورنٹو یونٹ کے زیراہتمام سالہائے گذشتہ کی طرح سالانہ محفل نعت اور افطارڈنر کا انعقاد
ٹورنٹو۔۔۔07جولائی 2015
ایم کیو ایم کینیڈا ٹورنٹو یونٹ کے زیراہتمام سالہائے گذشتہ کی طرح سالانہ محفل نعت اور افطارڈنر کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سمیت کینڈا میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیوایم کینیڈا کے آرگنائزر آصف قاضی نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت کے مطابق ایم کیو ایم دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ان کے سماجی اور مذہبی تہوار کے مواقع پر یاد رکھتی ہے اور اس مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کرتی رہتی ہے آج کا پروگرام بھی اس ہی حوالے سے ہے کہ ہم ماہ مبارک رمضان کی رحمتوں اور برکتوں سے فیضیاب ہوسکیں اور آج سب کو یہاں دیکھ کر وطن سے دوری کا احساس کچھ کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج ایک بار پھرماضی کی طرح ایم کیوایم کے کارکنان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے اور نہ صرف ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر دی گئی ہے بلکہ رفاہی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے لئے عطیات جمع کرنے والے رضاکاروں کو بھی بھتہ خوری کے الزامات لگا کربلاجواز گرفتار کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جبکہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوںیہاں تک کہ کالعدم تنظیموں کو چندہ کرنے کی مکمل آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محسوس یہ ہوتا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف ہونیوالے آپریشن کا رخ مکمل طورپرایم کیوایم اور بالخصوص مہاجروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے جس کے باعث ملک کی ایک مخصوص طبقہ آبادی کا احساس محرومی تیزی کے ساتھ احساس بیگانگی میں تبدیل ہوتا جارہا ہے اور اگر اس احساس محرومی کو دور کرنے کے لئے اقدامات نہ کئے گئے تو خدا نخواستہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ملک پھر کسی سقوط ڈھاکہ جیسے سانحے سے دوچار ہوجائے ۔ انہوں نے اس بابرکت محفل میں شریک نعت خوں حضرات، مقررین اورتمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکے ساتھ ساتھ اتنی بڑی تعداد میں شرکت کرنے پرکینیڈا میں مقیم تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ۔