رینجرزکی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں
رینجرزنے بلدیہ ٹاؤن سے ایم کیوایم کے تین کارکنوں قادر، دانش اورمحمدنعیم کوان کے گھروں سے گرفتار کرلیا
اسکیم 33کے علاقے سے کارکن محمدعلی کو گھرسے گرفتارکرلیا۔ بھنگوریہ گوٹھ سے بھی چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں
یہ گرفتاریاں ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کوطاقت کے ذریعے روکنے کی مذموم کوشش ہے
کراچی میں کالعدم تنظیمیں اورمذہبی جماعتیں کھلے عام زکوٰۃ فطرہ وصول کررہی ہیں لیکن رینجرزنے انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی
رینجرزنے ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے زکوٰۃ فطرے کے عطیات وصول کرنا جرم بنادیاہے
شہربھرمیں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے اوران پرمقدمات بنائے جارہے ہیں۔رابطہ کمیٹی
انسانی حقوق کی انجمنیں کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف آوازبلند کریں۔رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 3 جولائی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے شہرکے مختلف علاقوں سے رینجرزکی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کی ہے اور ان گرفتاریوں کوایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کوطاقت کے ذریعے روکنے کی مذموم کوشش قراردیاہے۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرزنے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سے ایم کیوایم یونٹ 116کے تین کارکنوں قادر، دانش اورمحمدنعیم کوان کے گھروں سے گرفتار کرلیا۔ چھاپوں کے دوران رینجرزکے اہلکاروں نے کارکنوں کی ماؤں بہنوں اوردیگرخواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اورانہیں دھکے دیئے ۔ رینجرز نے اسکیم 33کے علاقے سے یونٹ 33-A کے کارکن محمدعلی کو ان کے گھرسے گرفتارکرلیا۔ جبکہ عزیزآبادکے علاقے بھنگوریہ گوٹھ سے بھی چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی کالعدم تنظیمیں اورمذہبی جماعتیں کھلے عام زکوٰۃ فطرے کے عطیات وصول کررہی ہیں رینجرزنے اس پر کالعدم تنظیموں یاکسی مذہبی جماعت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جبکہ ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے زکوٰۃ فطرے کے عطیات وصول کرنارینجرز نے جرم بنادیاہے اوراس کی پاداش میں شہربھرمیں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے اوران پرمقدمات بنائے جارہے ہیں۔اس سے صاف ظاہر ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایم کیوایم ،اس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن اوراس کی فلاحی سرگرمیوں کوطاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم جیسی عوامی جماعت کوختم نہیں کیاجاسکتا۔ رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں اورانسانی حقوق کی خلاف ورذیوں کے خلاف آوازبلند کریں۔
English