ایم کیوایم ایک محب وطن جماعت ہے ،اس کوطاقت کے ذریعے کچلنے کاعمل کسی طرح بھی جائزنہیں۔ ڈاکٹر سلیم دانش
ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی بجائے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کرنے کی طرف توجہ دی جائے
ایم کیو ایم ایک مسلّم حقیقت ہے اور قا ئد تحریک الطاف حسین کروڑوں عوام کے محبوب رہنما ہیں
آخر مہاجر کس سے داد رسی کی امید رکھیں اور کون ہمارے زخموں پر مرحم رکھے گا؟محمدشریف
ایم کیو ایم یوکے ساؤتھ آل یونٹ کے زیر اہتمام دعوت افطار سے خطاب
لندن۔۔۔ یکم جولائی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور ایم کیو ایم یوکے کے آرگنائزرڈاکٹر سلیم دانش نے کہا ہے کہ ایم کیوایم ایک محب وطن جماعت ہے اوراس کوطاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کرنااور اس کا میڈیا ٹرائل ملک کوعدم استحکام سے دوچارکرنے کے مترادف ہے ۔ حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی بجائے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کرنے کی طرف توجہ دیں۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم برطانیہ ساؤتھ آل یونٹ کے زیر اہتمام دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جس میں ساؤتھ آل اور ہیزسے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا ہے ایم کیو ایم ایک مسلّم حقیقت ہے جو سندھ کے شہری علاقوں کی واضح نمائندگی رکھتی ہے اور اس حقیقت سے انکار ناممکن ہے کہ قا ئد تحریک الطاف حسین کروڑوں عوام کے محبوب رہنما ہیں۔ایک عوامی جماعت کوطاقت کے ذریعے ختم کرنے کی روش نہ کل صحیح تھی نہ آج صحیح ہے لہٰذ ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام پانی ، بجلی ، گیس اور روزگار جیسے بنیادی مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں لیکن ان مسائل کو حل کرنے کی بجائے ساری توانیاں اور وسائل ایم کیو ایم کوکچلنے پر صرف کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ من گھڑت میڈیا ٹرائل اور طاقت کے استعمال کے ذریعے دنیا کی کوئی طاقت عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کرسکتی۔ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی سی ای سی کے رکن محمد شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم پر الزامات لگانے والے جواب دیں کہ جب قصبہ کالونی و علیگڑھ ، 30ستمبر سانحہ حیدرآباد، پکا قلعہ آپریشن او ر دیگر سانحات میں مہاجروں کا قتل عام کیا گیالیکن کسی حکومت،پولیس ،رینجرزیاقانون نافذ کرنے والے اداروں نے مہاجروں کی جان و مال بچانے کے لئے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ کئی سال گزرنے کے باوجود آج تک 15000 سے زائد مہاجروں کے قتل عام پر نہ تو کوئی عدالتی کمیشن بنایا گیا اور نہ ہی کوئی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔آخر مہاجر کس سے داد رسی کی امید رکھیں اور کون ہمارے زخموں پر مرحم رکھے گا؟دعوت افطار سے ایم کیو ایم برطانیہ کے جوائنٹ انچارج سہیل خانزادہ اورجنرل سیکریٹری منظور احمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اراکین آرگنائزنگ کمیٹی اور یونٹ کمیٹی ساؤتھ آل بھی موجود تھے۔