بین الاقوامی میڈیا کی غلط رپورٹ کو بنیاد بنا کرایم کیوایم کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد کی منظوری پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیوایم کا میڈیا ٹرائل کیاجارہا ہے ، رابطہ کمیٹی
آج تک آرٹیکل 6کے تحت ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی جنہوں نے پاکستان کو دولخت کردیا ۔ رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔26، جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد منظور کئے جانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ غیر ملکی میڈیا کی ایک غلط رپورٹ کو جواز بنا کر اپنے ہی ملک کی محب وطن جماعت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد کا منظور ہوناایک المیہ ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان بنانے اور پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کے خلاف نفرت وتعصب کی بنیاد پر اس کا میڈیا ٹرائل کیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں منظور کی گئی قرار داد میں ایم کیوایم کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے کی بات کی گئی لیکن ہمارا یہاں یہ سوال ہے کہ آج تک آرٹیکل 6کے تحت ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی جنہوں نے پاکستان کو دولخت کردیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہمیں اس بات کی سزا دی جارہی ہے کہ ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور ملک کی مظلوم قومیتوں کی نمائندگی کررہی ہے جبکہ ملک میں جاگیردارانہ ،وڈیرانہ ، سردارانہ نظام مسلط رکھنے والے اور عوام کو غلام بنانے والے آج بھی آئین و قانون سے ماورا ہیں ۔رابطہ کمیٹی نیکہا کہ نفرت وتعصب کا یہ عمل ملک کے کسی بھی طرح مفاد میں نہیں ہے بلکہ یہ طرز عمل ملک میں مزید نفرتوں کوجنم دینے کا سبب بنے گا ۔
English