جون 1992ء کے ریاستی آپریشن کے شہید کارکنوں کو قائد تحریک الطاف حسین کا زبردست خراج عقیدت
19 جون 1992ء پاکستان کی تاریخ سیاہ ترین دن ہے۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔18، مارچ2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے کہا ہے کہ 19جون 1992ء پاکستان کی تاریخ سیاہ ترین دن ہے اس دن ایم کیوایم جیسی امن پسند ، محب وطن اور سیاسی جماعت کے خلاف بھیانک ریاستی آپریشن شروع کیا گیا ۔19جون 1992ء کے شہداء کی 23ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ کی 72بڑی مچھلیوں، ڈاکوؤں اوراغوابرائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف ہونے والے آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا ۔ ایم کیوایم کے خلاف شروع کئے گئے ریاستی آپریشن کے دوران 18ہزار سے زائد کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ، ہزاروں کوگرفتارکرکے نجی عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنایاگیا ، انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاگیا ،سینکڑوں کارکنان جلا وطنی کی کربنا ک زندگی گزارنے پر مجبور کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر ریاستی مظالم کے باوجود ایم کیوایم کے پرعزم ، جیالے ، باہمت اور ثابت قدم کارکنان کے حوصلے ہرگز نہیں توڑے جاسکے اور حقوق کی جدوجہد میں کارکن نے لازوال داستانیں رقم کیں جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ 19جون 1992ء کے بعد سے ایم کیوایم کے خلاف شروع ہونے والا ریاستی آپریشن کسی نہ کسی شکل میں آج تک جاری ہے۔ جناب الطاف حسین نے 19جون 1992ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ تمام ترمظالم کے باوجود شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ایم کیوایم قائم و دائم ہے اور کامیابیوں کی منازل طے کررہی ہے لہٰذا ذمہ داران و کارکنان حق پرست شہداء ، لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں ، شہداء کے لواحقین اور لاپتہ ساتھیوں کے لواحقین اور اہل خانہ کی خبر گیری کریں اور ثابت قدمی کے ساتھ حق پرستانہ پیغام کو ملک بھر میں فروغ دینے کیلئے کام جاری رکھیں ۔
English