قائد ایم کیوایم الطاف حسین اورسابق صدرپاکستان آصف علی زرداری کےدرمیان ٹیلی فون پرطویل با ت چیت
ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الاقوامی تبدیلیوں ، روس اور امریکہ کے مابین نئے سرے سے خاموش سرد جنگ کے دوبارہ آغاز، دنیا کے مختلف ممالک میں جاری شورش ، وہاں ہونے والی لڑائیوں اورباہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال
ملک کو اس وقت اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی ، دونوں رہنماؤں میں اتفاق
جن کاجینامرنا سندھ دھرتی سے وابستہ ہے انہیں آپس کے اختلافات کو ختم کرکے اخوت ومحبت اوربھائی چارے کا مظاہرہ کرنا چاہیے، دونوں رہنماؤں میں اتفاق
سندھ کے مستقل باشندوں کو ایک دوسرے کیلئے ایثاروقربانی کا نہ صرف زبانی اظہار کرنا چاہیے بلکہ اس کا عملی مظاہرہ بھی کرنا چاہیے، دونوں رہنماؤں میں اتفاق
لندن۔۔۔18، جون2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین اورسابق صدرپاکستان و پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پرطویل با ت چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، موجودہ پرآشوب حالات اورباہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو میں بین الاقوامی تبدیلیوں ، روس اور امریکہ کے مابین نئے سرے سے خاموش سرد جنگ کے دوبارہ آغاز، دنیا کے مختلف ممالک میں جاری شورش اور وہاں ہونے والی لڑائیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو اس وقت اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی ،خصوصاً صوبہ سندھ کی شہری اور دیہی آبادی کے تمام مستقل باشندوں جن کا پیدا ہونا ، کھانا کمانا، جینامرنا اور مرنے کے بعد دفن ہوناسندھ دھرتی ماں کے دامن سے وابستہ ہے لہٰذا انہیں آپس کے تمام اختلافات کو ختم کرکے اخوت ومحبت ، بھائی چارے اور ایک دوسرے کیلئے ایثاروقربانی کا نہ صرف زبانی اظہار کرنا چاہیے بلکہ اس کا عملی مظاہرہ بھی کرنا چاہیے۔