رینجرزکی جانب سے دہشت گردوں کی گرفتاریوں کی آڑ میں سیاسی کارکنوں کے ساتھ سفاکانہ سلوک سراسرغیرانسانی ہے، الطاف حسین
رینجرزکی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر بناوارنٹ چھاپوں،گرفتاریوں اورانہیں ماورائے عدالت قتل یا معذورکردینا روزمرہ کامعمول بن چکاہے
ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوگرفتارکرکرکے غائب کیاجارہاہے،الطاف حسین
گرفتارشدگان کوکئی مہینے لاپتہ رکھا جاتا ہے اورپھرکئی دن تک غیرقانونی حراست میں تشددکانشانہ بنانے کے بعد گرفتاری ظاہرکی جاتی ہے
ظالمانہ سلوک اقوام متحدہ کے چارٹر ، آئین پاکستان اورپاکستان کے زمینی قوانین کے بھی سراسر خلاف ہے، الطاف حسین
صدر ممنون حسین اپنے اختیارات کا استعمال کرکے سندھ کے عوام کو رینجرزکے ظلم وستم اورناجائزگرفتاریوں کے عمل سے باز رکھیں
پاکستان کے آئین اورقانون کی حرمت و پاسداری کرنا رینجرزکیلئے بھی اسی طرح ضروری ہے جس طرح کسی عام شہری کیلئے ضروری ہے، تجربہ کار اورپڑھے لکھے سیاستداں ہی بتاسکتے ہیں کہ ملک کامستقبل محفوظ ہے یا اس کی سلامتی وبقاء کوشدید خطرات لاحق ہیں ، الطاف حسین
لندن ۔۔۔ 17، جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے رینجرزکے ہاتھوں کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کی مسلسل گرفتاریوں اورایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپوں پرشدیدردعمل کااظہارکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں رینجرزکی جانب سے بلاناغہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر بناوارنٹ چھاپوں،گرفتاریوں، کارکنوں کی غیرموجودگی میں ان کے اہل خانہ کوزدوکوب کرنااورگرفتارشدگان پر بہیمانہ تشددکرکے انہیں حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل یامعذورکردینا روزمرہ کامعمول بن چکاہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردوں کی گرفتاریوں کی آڑ میں سیاسی کارکنوں کے ساتھ ایساسفاکانہ اورظالمانہ سلوک نہ صرف سراسرغیرانسانی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر ، آئین پاکستان اورپاکستان کے زمینی قوانین کے بھی سراسر خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوگرفتارکرکرکے غائب کیاجارہاہے، جب منتخب حق پرست ارکان اسمبلی ان گرفتاریوں پر رینجرز کے مقامی افسران سے رابطہ کرتے ہیں تووہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کوصحیح اوراطمینان بخش جواب تک نہیں دیتے۔گرفتارشدگان کو کئی کئی مہینے لاپتہ رکھا جاتا ہے اورپھرکئی دن تک غیرقانونی حراست میں تشددکانشانہ بنانے کے بعد گرفتاری ظاہرکی جاتی ہے اورپھرمزیدتشددکیلئے ریمانڈ لیا جاتاہے۔جناب الطاف حسین نے صدرمملکت ممنون حسین کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو بطور صدرپاکستان جوتھوڑے بہت اختیارات حاصل ہیں،ان کا استعمال کرکے سندھ کے عوام کو رینجرزکے ظلم وستم اورناجائزگرفتاریوں کے عمل سے باز رکھیں۔ صدرمملکت ممنون حسین یہ بھی یادرکھیں کہ پاکستان کے آئین اورقانون کی حرمت و پاسداری کرنا رینجرزکے لئے بھی اسی طرح ضروری ہے جس طرح کسی عام شہری کیلئے ضروری ہے۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ملک کے دانشور،قلمکار زبانی جمع خرچ کرکے اور رینجرزکی حمایت میں تعریفی کلمات کہہ کر ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرنے کے بجائے پاکستان کی بقاء وسلامتی کی فکرکریں جو انتہائی نازک دور سے گزررہاہے ،تجربہ کار اورپڑھے لکھے سیاستداں ہی بتاسکتے ہیں کہ ملک کامستقبل محفوظ ہے یا اس کی سلامتی وبقاء کوشدید خطرات لاحق ہیں ۔
English