ایم کیوایم کوختم کرنے کیلئے ہم پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ندیم نصرت
ہماراعزم ہے کہ ہم تمام ترمظالم کے باوجود اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے ۔ندیم نصرت
ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو تسلیم کیاجائے، اس کااحترام کیاجائے ، مہاجروں کے وجود کوتسلیم کیاجائے۔محمد انور
ریاستی مظالم کے ہتھکنڈوں سے ایم کیوایم جیسی عوامی تحریک کوختم نہیں کیاجاسکتا۔ڈاکٹرسلیم دانش
ایم کیوایم یوتھ ونگ کے زیراہتمام اے پی ایم ایس او کے 37ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب
لندن ۔۔۔ 14 جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ ایم کیوایم کوختم کرنے کیلئے ہم پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں لیکن ہماراعزم ہے کہ ہم تمام ترمظالم کے باوجود اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روزایم کیوایم یوتھ ونگ کے زیراہتمام اے پی ایم ایس او کے 37ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ان دنوں ایم کیوایم کے کارکنان اوراس کی حمایت کرنے والے عوام جن حالات سے گزررہے ہیں ہم اس سے قبل بھی کئی بارگزرچکے ہیں، آج بھی ہمارے بے گناہ کارکنوں کو گرفتارکیاجارہاہے، انہیں ماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے اورہم پرریاستی مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاستدانوں کی خریدوفروخت کی جاتی ہے لیکن قائدتحریک الطاف حسین نے اپنے ظرف وضمیراوراپنے مشن ومقصد کا سودا نہیں کیا،یہی وجہ ہے کہ پاکستان پر حکمرانی کرنے والی اصل قوتیں ایم کیوایم کوختم کردیناچاہتی ہیں، قائدتحریک الطاف حسین نے ملک میں فر سودہ نظام کی تبدیلی اورملک پر غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کاجو خواب دیکھاتھااستحصالی عناصراس خواب کوچکنا چورکرناچاہتے ہیں لیکن قائدتحریک الطاف حسین نے اپنے بھائی اوربھتیجے اورہزاروں ساتھیوں کی قربانیوں کے باوجود اپنامشن ومقصدنہیں چھوڑا،وہ ملک میں غریبوں کی حکمرانی کے خواب پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہیں اوراس کیلئے آج بھی رات دن کوشاں ہیں۔رابطہ کمیٹی کے رکن محمدانورنے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محروم ومظلوم بنگالی عوام کوان کے حقوق نہیں دیے گئے بلکہ انہیں ریاستی طاقت سے کچلنے کی کوششیں کی گئیں جس کے نتیجے میں پاکستان دولخت ہوگیا لیکن پاکستان کے ارباب اختیارنے اس سے کوئی سبق نہیں سیکھا اورآج بھی بلوچستان میں وہی کچھ کیاجارہاہے ، سندھ میں مہاجروں کوبھی ان کے حقوق دینے کے بجائے طاقت سے کچلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ این اے 246کے ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کی شاندارکامیابی نے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کے بارے میں مخالفین کی جانب سے پھیلائے گئے تمام منفی پروپیگنڈوں کوجھوٹ اورغلط ثابت کردیا۔ وقت کاتقاضہ ہے کہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ کودل سے تسلیم کیاجائے، اس کااحترام کیاجائے ، مہاجروں کے وجود کوتسلیم کیاجائے ، انہیں ان کے تمام جائز حقوق دیئے جائیں، بلوچوں،سندھیوں، پختونوں، سرائیکیوں، ہزارے وال سمیت تمام چھوٹی قومیتوں کوان کے حقوق دیے جائیں اسی طرح پاکستان مضبوط ومستحکم ہوسکتاہے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرسلیم دانش نے اپنے خطاب میں کہاکہ تمام ایم کیوایم دشمن عناصر قائدتحریک الطاف حسین کے فکروفلسفہ سے ڈرتے ہیں اسی لئے انہوں نے قائدتحریک الطاف حسین کے خطاب کوٹی وی چینلزپر براہ راست نشر کرنے پرپابندی عائد کردی ہے۔دوسری طرف ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن کیاجارہاہے ۔ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ایم کیوایم جیسی عوامی تحریک کوختم نہیں کیاجاسکتا۔ اجتماع سے یوتھ ونگ کی انچارجحبادانش، یوتھ ونگ کی کمیٹی کے ارکان ایمان انور، کنورواسع نے بھی خطاب کیاجبکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضانے نظمیں پیش کیں جبکہ زنیرالدین نے ترانہ پیش کیا۔ تلاوت قرآن مجید صیان خانزادہ نے کی۔اجتماع میں رابطہ کمیٹی کے ارکان واسع جلیل، انبساط ملک، ارشدحسین،رکن سندھ اسمبلی عادل صدیقی اورسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن محمدشریف خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر یوم تاسیس کاکیک کاٹاگیا۔کارکنوں نے تنظیمی ترانوں پر رقص کرکے خوشی کااظہارکیا۔