وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کراچی میں ماورائے عدالت قتل ہونے والے افراد کے لئے مکھی کا لفظ استعال کرنا کراچی کے عوام کی توہین اورتذلیل ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار
میڈیا پر اپیکس کمیٹی کی رپورٹ کے آتے ہی ٹی وی ٹاک شوز میں ایم کیو ایم کے خلاف میڈیا ٹرائل کا ایک نیا سلسلہ شروع کردیا گیا ،رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار
پہلے ہی ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، تمام تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی ہوئی ہے،
ایم کیو ایم کے کارکنان کے دفاتر اورگھروں پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار
خدمت خلق فاؤنڈیشن نے ملکی و بین الاقوامی طور پر فلاحی کام کئے ہیں جسے کوئی بھی جھٹلا نہیں سکتا، ڈاکٹر فاروق ستار
عوام ایک بار پھر ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے اور الزامات کو ماضی کی طرح مسترد کردیں گے ، ڈاکٹر فاروق ستار
وفاقی بجٹ ہویا چین کی راہداری منصوبہ میں کراچی شہر کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے جس کے باعث عوام میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔، ڈاکٹر فاروق ستار
رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار کا خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب ،اسلم آفریدی ،
عارف خان ، اور شبیر احمد قائم خانی کے رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی۔۔۔12جون2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ روز آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 37ویں یوم تاسیس کا اجتماع جاری تھا عین اس موقع پر گزشتہ دنوں ایپکس کمیٹی کی ہونے والی میٹنگ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کی گئی جس میں تاثر دیا گیا کہ سیاسی و مذہبی جماعتیں فلاحی اداروں کا فنڈز ناجائز اور غیر قانونی کاموں میں استعمال کررہی ہیں،اگر یہ الزامات ایم کیو ایم پر عائد کئے گئے ہیں تو ہم اسکی مذمت کرتے ہیں اور اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ان خیال کا اظہار رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ ارکان رابطہ کمیٹی عبدالحسیب ،اسلم آفریدی،عبد الحسیب ،عارف خان ایڈوکیٹ اور شبیر احمد قائمخانی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میڈیا کو اپیکس کمیٹی کی جاری کی گئی اس رپورٹ کے آتے ہی ٹاک شوز میں ایم کیو ایم کے خلاف میڈیا ٹرائل کا ایک نیا سلسلہ شروع کردیا گیا ، ایک مرتبہ پھر جھوٹے بے بنیاد الزامات اور وہی پروپیگنڈے کا آغاز کردیا گیا جو کہ قابل مذمت عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ نیتوں اور دلوں کا حال تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے مگر ہمیں تشویش ہے کہ ایک ہفتے بعد وہ بھی اسی وقت جب ہمارے 37ویں یوم تاسیس کی تقریب جاری تھی اپیکس کمیٹی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کیوں کی گئی،ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے خلاف میڈیا ٹرائل کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا گیا ہے کہ کل اپیکس کمیٹی کے میڈیا پر چلنے والے پوائنٹ میں نام تو کسی کا نہیں لیا گیا مگر کہا گیا کہ کراچی میں زکوٰۃ ،فطرہ جبراً لیاجاتا ہء اور کھالیں چھینیں جاتی ہیں ،اگر یہ الزامات ایم کیو ایم پر لگایا گیا ہے تو ہم اسے ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہیں ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا مالکان سے اپیل کی ہے کہ کل جاری ہونے والی رپورٹ میں فطرہ ،زکوٰۃ اور کھالوں کے علاوہ بھی بہت سی اہم چیزوں کا ذکر ہے اس پر بات کیوں نہیں کی گئی ،افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ اس رپورٹ کے ذریعے صرف اور صرف ایم کیو ایم کو ہی نشانہ بنایا گیا اور ہمارا غلط چہرہ بناکر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار اور ارباب اقتدار سے کہنا چاہونگا کہ گزشتہ 25سالوں سے ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں اور آج بھی یہ سلسلے جاری ہے ، اللہ تعالیٰ کا شکر و کرم ہے کہ ہم ماضی میں بھی عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہونگے۔ڈاکٹر فارو ستار نے کہا کہ جناب الطا ف حسین کروڑوں لوگوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ،ایم کیو ایم ایک بھاری مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ہے اسکے باوجود ہر چند سالوں بعد ہمارے خلاف الزامات عائد کردیئے جاتے ہیں،ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے ،ہمیں ٹھپا مافیا کہا جاتا ہے ،ہمارے خلاف ریاستی مشینری کا استعمال کیا جاتاہے اس کے باوجود دنیا نے دیکھ لیا کہ کس طرح NA 246کی حق پرست عوام نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضمنی انتخابات میں ایک لاکھ کے قریب ووٹ ایم کیو ایم کو دئیے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے اب ہمیں یہ محسوس ہورہا ہے کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی اور رفاحی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کیلئے میڈیا کا سہارا لیا جارہا ہے،پہلے ہی ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، تمام تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی ہوئی ہے، کارکنان کے دفاتراور گھروں پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور یہ باور کرایا جارہا ہے کہ کراچی کے حالات کے بگاڑ کی اصل جڑ ایم کیو ایم ہے،ایک سیاسی جماعت کو جرائم سے جوڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیںیہ ایک غلط روش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ادوار میں ہمارے پاس اختیار تھا ہم نے کراچی شہر کو ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کرایا ہے،جرائم کا گراف انتہائی نیچے لیول پر تھا وہ اس لیا تھا کہ ہمارے پاس اختیار تھا۔انہو ں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن نے ملکی و بین الاقوامی طور پر فلاحی کام کئے ہیں جسے کوئی بھی جھٹلا نہیں سکتا،چاہے وہ امریکہ میں آنے والا طوفان کترینہ ہو یا ،بام کا زلزلہ ہو یا،کشمیر کاقیامت خیز زلزلہ ہو یا تھر کی قحط سالی ، سندھ اور پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد امدادی کام ، ہر موقع پر خد مت خلق فاؤنڈیشن نے بڑھ چڑھ کر فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور متاثرین کی بھر پور مدد کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چلنے والی 1122کی سر وس جیسا کراچی میں کوئی نظام نہیں ،اسکے باوجود ایدھی کے بعد سب سے بڑا یمبولینس، میت بس سروس ، سردخانہ،لیبارٹریز،ڈسپینسری،اسپتال،راشن بیگ اور مالی مدد کا سب سے بڑا نیٹ ورک خد مت خلق فاؤنڈیشن کا ہے ، جس سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہوتے ہیں،اسکے باوجود ہمارا غلط چہرہ پیش کیا جارہا ہے ،ہماری 35سالوں کی خدمت کو نظر انداز کرکے غلط طرح سے پیش کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام سے اپیل کی ہے ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے اور الزامات کو ماضی کی طرح مسترد کردیں گے اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں ہم مل کر ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا مقابلہ کریں گے۔ڈاکٹر فارو ق ستار نے کہا کہ آج وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کراچی میں ماورائے عدالت قتل ہونے والے افراد کے لئے مکھی کا لفظ استعال کرنا کراچی کے عوام کی توہین اور تزلیل ہے ،جس کا جی چاہتا ہے ہمیں کالا کلوٹا کہتا ہے،کوئی زندہ لاشیں کہہ دیتا ہے،کوئی مکھی اور مچھر کہتا ہے ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اپنی اس بات پر نظر ثانی کریں گے،فرض تو یہ بنتا تھا کہ جن اہلکاروں نے وسیم دہلوی کو ماورائے عدالت قتل کیا انہیں سزا دلوانے کے بجائے انکی توہین کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل کئے گئے افراد کے اہل خانہ سے بھی میاں محمد نواز شریف صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ جن اہلکاروں نے اسے شہید کیا وہ قانون کے کٹہرے میں ہونگے مگر اب تک کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ ہویا چین کی راہداری منصوبہ کراچی شہر کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے جس کے باعث عوام میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔
English