11، جون ، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے، الطاف حسین
تمام تر مصائب ومشکلات کے باوجود حق پرستی کی جدوجہد آج بھی جاری ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقہ کے افرادکو ایوانوں میں بھیج کر غریبوں کا سراونچا کیاہے ، الطا ف حسین
کارکنان ،تحریک کے شہداء کی قربانیوں کو ہرگزفراموش نہ کریں ،الطاف حسین
طلباء محنت ولگن سے علم حاصل کریں، نقل کے رحجان سے گریز کریں،الطاف حسین
انشاء اللہ حق پرستی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنارہوگی ،ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ ہوگا، الطاف حسین
اے پی ایم ایس او کے 37 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان وعوام کو دلی مبارکباد
لندن۔۔۔10، جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ 11، جون ، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے اور اس دن ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کا عملی آغاز کیا گیاجو تمام تر مصائب ومشکلات کے باوجود آج بھی جاری ہے ۔ اے پی ایم ایس او کے 37ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جناب الطا ف حسین نے دنیا بھر میں ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردعوام کو اے پی ایم ایس او کے 37 ویں یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ 11جون 1978ء کو اے پی ایم ایس او کی بنیاد کے ساتھ ہی ملک بھر کے عوام میں شعوری بیداری کا عمل شروع ہوگیا تھا، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اے پی ایم ایس او کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے بطن سے غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم نے جنم لیا ، جس غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ ،باصلاحیت اور ایماندار افرادکو سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی اوربلدیاتی ایوانوں میں بھیج کر غریبوں کا سراونچا کیاہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج ایم کیوایم کا حق پرستانہ فکروفلسفہ پاکستان کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے اورحق پرستی کے پرچم تلے ملک کی تمام مظلوم قومیتوں، مسالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام متحدہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق پرستانہ جدوجہدکے 37برسوں کے دوران تحریک پر انگنت دشوارگزاراور مشکل ترین مراحل آئے، میرے بڑے بھائی ناصر حسین ، جواں سال بھتیجے عارف حسین شہید سمیت ہزاروں ساتھیوں کو شہید کردیا گیا ، ہزاروں کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا ، انہیں سرکاری عقوبت گاہوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،درجنوں کارکنوں کو انکے والدین کے سامنے گرفتارکرنے کے بعدلاپتہ کردیاگیااور حق پرستی کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے جبروتشددکے تمام ہتھکنڈے آزمائے گئے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم ، عوام کی حمایت ، تحریکی ساتھیوں کی ثابت قدمی اورحق پرست شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت ایم کیوایم کو ختم کرنے کی ہرسازش ناکام ثابت ہوئی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اے پی ایم ایس اواور ایم کیوایم کے تمام کارکنان پر زوردیا کہ نظریہ کی بقاء وسلامتی کیلئے اپنی جانوں کے کانذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہرگزفراموش نہ کریں ،شہداء ، اسیراورلاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کی خبرگیری کریں،حق پرستی کے مشن ومقصد کے حصول کیلئے ثابت قدمی سے جدوجہد جاری رکھیں، طلباء ،محنت ولگن سے علم حاصل کریں، نقل کے رحجان سے گریز کریں، والدین، اساتذہ ، بزرگوں اور خواتین کا احترام کریں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ حق پرستی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنارہوگی ،ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ ہوگااور ملک بھرمیں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی قائم ہوگی ۔