شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مجید عباسی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
واقعہ کو افسوسناک ہے، ٹارگٹ آپریشن کے دوران متعدد پولیس اہلکاروں اور افسران کو نشانہ بنایا جاچکاہے،رابطہ کمیٹی
دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا کر شہر کا امن مزید خراب کرنا چاہتے ہیں،رابطہ کمیٹی
شہر میں پولیس افسران اور ہلکاروں کی تواتر کے ساتھ جاری ٹارگٹ کلنگ کا فوری نوٹس لیا جائے
شہر میں کالعدم تنظیموں ، انتہاء پسند جماعتوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ،
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ ،وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ سے مطالبہ
کراچی۔۔۔9جون2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مجید عباسی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی سخت الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو افسوسناک قرار دیاہے۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں جاری ٹارگٹ آپریشن کے دوران متعدد پولیس اہلکاروں اور افسران کو نشانہ بنایا جاچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں اور جوانوں کو نشانہ بنا کر نہ صرف شہر کا امن مزید خراب کرنا چاہتے ہیں بلکہ کراچی میں دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کے خلاف جاری ٹارگٹ آپریشن کو بھی ناکام بنانا چاہتے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے ڈی ایس پی مجید عباسی کے سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار اور دعا کی ۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں پولیس افسران اور ہلکاروں کی تواتر کے ساتھ جاری ٹارگٹ کلنگ کا فوری نوٹس لیکر شہر میں کالعدم تنظیموں ، انتہاء پسند جماعتوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ شہر میں دیر پا امن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔