بجٹ میں عوام کے بجائے جاگیرداروں، وڈیروں ، بڑے سرمایہ داروں اور 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ کے مفادات کاتحفظ کیا گیا ہے۔ الطاف حسین
بجلی کے بڑے بلوں کی ادائیگی پر تو ٹیکس عائدکردیاگیا ہے لیکن اربوں کھربوں روپے کمانے والے جاگیرداروں،وڈیروں اوربڑے بڑے زمینداروں کی آمدنی پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا
بجٹ میں بھی بجلی، گیس اورتیل پر سیلزٹیکس عائد کیا گیا ہے جس سے مہنگائی میں کمی ہونے کے بجائے اضافہ ہوگا
بجٹ میں گھریلو صنعتوں کے فروغ کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا
ایک ہزار514 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے کراچی کیلئے محض 16 ارب کاایک منصوبہ رکھا گیا ہے جو کراچی کے ساتھ سراسر ظلم، زیادتی اور کھلا تعصب ہے۔ الطاف حسین
لندن ۔۔۔ 6 جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے اس امرپرشدیدمایوسی اورگہرے دکھ کااظہارکیاہے کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں عوام کے بجائے جاگیرداروں، وڈیروں ، بڑے بڑے سرمایہ داروں اور 2 فیصدمراعات یافتہ طبقہ کے مفادات کاتحفظ کیاگیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایسی صورتحال میں جبکہ وفاقی وزیرخزانہ خوداس بات کااعتراف کررہے ہیں کہ حکومت اپنے معاشی احداف حاصل نہیں کرسکی ہے تو ملک کی موجودہ خراب معاشی صورتحال کاتقاضہ تھاکہ وفاقی حکومت زراعت کے شعبہ میں بھی آمدنی پر ٹیکس عائد کرتی لیکن ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی وڈیروں، جاگیرداروں کے مفادات کا تحفظ کا تحفظ کیا گیا ہے۔ بجٹ میں بجلی کے بڑے بلوں کی ادائیگی پر تو ٹیکس عائد کردیا گیا ہے جس سے صنعتی پیداوارمتاثرہونے کاخطرہ ہے لیکن دوسری جانب زراعت کے شعبہ میں اربوں کھربوں روپے کمانے والے جاگیرداروں ،وڈیروں اوربڑے بڑے زمینداروں کی آمدنی پر کوئی ٹیکس عائدنہیں کیاگیاہے اوراس کوصوبائی معاملہ کہہ کرٹال دیا گیا ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ مہنگائی پر قابوپانے کیلئے تیل کی قیمتوں اورپیٹرولیم لیویز کا خاتمہ کیاجاناچاہیے تھالیکن اس بجٹ میں بھی بجلی، گیس اورتیل پر سیلزٹیکس عائد کیا گیا ہے جس کی نتیجے میں مہنگائی میں کمی ہونے کے بجائے اضافہ ہوگا۔بجٹ میں چھوٹی اور گھریلو صنعتوں کے فروغ کیلئے بھی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔حالیہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بھی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ کراچی قومی خزانے میں ملک کی مجموعی آمدنی کا 70 فیصد دیتاہے لیکن ملکی ترقی کیلئے ایک ہزار514 ارب روپے میں سے کراچی کیلئے محض 16 ارب کاایک منصوبہ رکھا گیا ہے جو کراچی کے ساتھ سراسرظلم ،زیادتی اور کھلا تعصب ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب تک حکومتیں عوام کے بجائے محض مراعات یافتہ طبقہ کے مفادات کوتحفظ دیتی رہیں گی نہ توملک صحیح معنوں میں ترقی کرے گااورنہ ہی ملک کے غریب عوام کی حالت بہترہوسکے گی۔
English