ایم کیو ایم آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور پنجاب بھر میں اپنے امیدوار نامزد کرے گی، میاں عتیق
ملک کے عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں متحدہو جائیں
یوسی 85 میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب
لاہور۔۔۔۔یکم جون 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ساندہ کلاں کی یوسی 85 میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم کیو ایم پنجاب کے صدر و حق پرست سینیٹر میاں عتیق ، اراکین ایڈہاک کمیٹی سینٹرل پنجاب منیر احمد ، ڈاکٹر ایم آر رحمن ، میاں راشد ، پروفیسر کریم خان ثاقب ، عذرا مہب ، نازیہ امام ، شعبہ خواتین لاہور کی صدر سلمیٰ منیر اور لائرز فورم کے انچارج رانا اشرف ایڈووکیٹ سمیت مردو خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔کارنر میٹنگ کا انعقاد ایم کیو ایم کے کارکن رانا احسان اور طاہر بھٹی و اہلہ علاقہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں عتیق نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے غریب و متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایوانوں میں بھیج کر ملک میں رائج فرسودہ نظام اور موروثی سیاست کے خاتمے کا آغاز کیااور قائد تحریک جناب الطاف حسین ملک میں موجود جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور فرسودہ نظام کے خلاف برسرپیکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں متحدہو جائیں اور ایم کیو ایم کا حصہ بن کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی جدوجہد کا حصہ بنیں کیونکہ جو قومیں اپنے تقدیر بدلنے کیلئے تیار نہ ہوں ، خدا بھی ایسی قوموں کی تقدیر نہیں بدلتا۔ اس موقع پر میاں عتیق نے کہا کہ ایم کیو ایم پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اورپنجاب کی ہر یونین کونسل میں اپنا امیدوار نامزد کر ے گی اور اللہ تعالیٰ کی تائید اور مظلوم عوام کی حمایت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی بھی حاصل کریں گے۔