کراچی کو تھر بنانے کی ساز ش عوام کی جانب سے نامنظور۔۔۔
شہر میں پانی کی مصنوعی قلت کے خلاف ایم کیوا یم کے تحت لیاقت آبا د نمبر 10میں بڑا عوامی احتجاجی مظاہرہ
مظاہرے میں لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین ، بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اور غم و غصے کا اظہار
کراچی ۔۔۔29مئی2015ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے تحت شہر میں پانی کے مصنوعی بحران کے خلاف جاری ایم کیوایم کے تحت عوامی احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں جمعہ کی شام لیاقت آباد نمبر 10مین روڈ پر بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین وسیم اختر، عارف خان ایڈوکیٹ، عظیم فاروقی ، کنور نوید جمیل ،ایم کیوا یم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین ، بزرگوں ، بچوں ، نوجوانوں ، بچے ، بچیوں سمیت ہزاروں افراد نے میں شرکت کرکے شہرمیں پانی کی بندش کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر سڑک کے اطراف عوام کی جانب سے احتجاجی بینرز اور پینا فلکس آویزا ں کئے گئے تھے جن پر ’’ حکومت نے شدیدگرمی میں کراچی کو کربلا بنادیاہے‘‘ ۔۔۔ ’’کراچی کے ساتھ ظلم کب تک ؟‘‘۔۔۔’’حکومتی عیاشیوں کے لئے اربوں روپے کراچی کے شہریو ں کے پانی پینے کیلئے بجٹ نہیں ؟؟‘‘ سمیت لیاقت آبا د اور اطراف کے علاقوں اورشہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے۔احتجاج میں شریک خواتین اپنے ہمراہ پانی کے برتن اور مٹی کے مٹکے لائیں جنہیں انہوں نے میڈیا نمائندگان کے سامنے توڑ کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ۔