کراچی والے سڑکوں پر نکل آئے ہیں پانی کے مطالبے کااحتجاج کراچی کی خودمختاری کے مطالبے پر مکمل ہوگا، ڈاکٹر محمد فاروق ستار
K4کے پہلے مرحلے کا فور ی آغازکیاجائے،بڑے پمپنگ اسٹیشن کی اپگریڈیشن سمیت کراچی کو پانی کی فراہمی کے40منصوبوں کو 2015-16 کے بجٹ میں رکھا جائے
پانی سے محروم رکھنا سندھ حکومت کی کراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے شہرکو ٹینکر مافیہ کے حوالے کردیا گیاہے،ڈاکٹر محمد فاروق ستار
کراچی میں محب وطن لوگ بستے ہیں جو ملک کی معیشت کا پہیہ چلا رہے ہیں ، قمر منصور
کراچی کے عوام کو انکا حق دئیے بغیر پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عبد الرشید گوڈیل
ایم کیوا یم نے کراچی کے عوام کیلئےK3 منصوبے کے بعد K4منصوبہ شروع کروایا لیکن اسے کرپشن کی نظر کردیاگیا ، علی رضا عابدی
صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں پانی کے بحران کے خلاف کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم کے احتجاجی مظاہرے سے مقررین کا خطاب
کراچی ۔۔۔23مئی2015ء
صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران کے خلاف کراچی پریس کلب پر ایم کیوا یم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں نے وفاقی و پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سے بارہا مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے حقوق غصب نہ کریں اور عوام کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور نہ کریں لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی اور آج عوام حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران پر احتجاج ایک دو روز کانہیں بلکہ یہ ایک احتجاجی تحریک ہے جو کراچی میں پانی کے بحران اور حکمرانوں کے متعصبانہ رویے کے خلاف جو کراچی کی تاریخ کی سب سے بڑی احتجاجی تحریک ہوگی ہوگاجو صرف پانی کے مطالبے پر نہیں بلکہ کراچی کی خودمختاری کے مطالبے پر مکمل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے غیور پاکستانیوں کبھی معاشی استحکام کے نام پر ہمارے ٹیکسوں میں اضافہ کیا گیا کبھی امن و امان کے نام پر ہمیں دیوار سے لگایا گیا اور آج پانی بند کرکے کراچی کے عوام کی عزت نفس مجروح کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالم و جابر حکمرانوں نے جناب الطاف حسین اور کراچی کے عوام کی محبت کو کمزور کرنے کیلئے کراچی کے عوام کا پانی بند کیا ہے ۔جناب الطاف حسین سے محبت کے جرم میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے لیکن انہیں اس مرتبہ بھی مایوسی کا سامنہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا سندھ حکومت کی کراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور کراچی کا پانی سیاسی بنیادوں پر تقسیم کر کے مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے انکا کہنا تھا کہ شہرکو ٹینکر مافیہ کے حوالے کردیا گیاہے۔